برلن (ملت ٹائمز/ایجنسیاں)
قطر کے امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی نے کہا ہے کہ انکا ملک عرب ممالک کے ساتھ جاری تنازع ختم کرنے کیلئے مذاکرات کی میز پر آنے کیلئے تیارہے ، غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہاں جرمن چانسلرانجیلا مرکل کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جیساکہ سب آگاہ ہیں کہ ہمارے خلاف گزشتہ 100سے محاذ آرائی جاری ہے ،اسکے باوجود مذاکرات کیلئے تیار ہیں، اس موقع پرجرمن چانسلر انجیلا مرکل نے کہاکہ یہ باعث تشویش ہے کہ قطر بحران کا ابھی تک کوئی حل نہیں نکل سکا ،انہوں نے کہا کہ اس بحران کا حل تلاش کرنے کیلئے میراملک کویت اورامریکا کی مصالحتی کوششوں کا بھرپورحامی ہے ، دریں اثنااقوام متحدہ میں متحدہ عرب امارات کے مستقل مندوب عبید سالم الزعبی نے خلیجی بحران سے متعلق اپنے ایک بیان میں کہا کہ قطر کی ناکا بندی نہیں،صرف بائیکاٹ کیاگیا ہے ، انہوں نے عرب امارات کے علاوہ دیگر تین ممالک سعودی عرب، مصراور بحرین کے موقف کی وضاحت کرتے ہوئے کہاکہ قطرکے خلاف کیے گئے اقدامات کوکسی صورت بھی ناکا بندی قرار نہیں دیا جاسکتا،غیر ملکی میڈیا کے مطابق انہوں نے کہاکہ چاروں عرب ممالک نے قطر کے اجتماعی بائیکاٹ کا فیصلہ اس کی غیر ذمے دارانہ پالیسیوںکے باعث کیا۔





