کوٹہ: ( ملت ٹائمز؍پریس ریلیز)
سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا راجستھان کوٹہ ضلع کمیٹی کی جانب سے عام لوگوں کے مختلف مسائل کو لیکراندرا گاندھی سرکل پر مرکزی اور ریاستی حکومت کا پتلا جلا کر حکومت کی عوام مخالف پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر ضلعی صدر ظفر چشتی نے اپنے خطاب میں کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومت مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔ مہنگائی اور بدعنوانی ختم کرنے کے نعرے کے ساتھ اقتدار میں آنے والی بی جے پی کی مرکزی حکومت عوام کی امیدوں پر پانی پھیرتے ہوئے ایک کے بعد ایک عوام مخالف پالیسیوں کو نافذکرکے ملک کے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔ کالے دھن پر قابو کرنے کے نام پر کی گئی نوٹ منسوخی ملک کا سب سے بڑا اسکینڈل ہے کیونکہ 500اور 1000روپئے کے نوٹ 99فیصد بینکوں میں جمع ہوگئے۔ پٹرول اور ڈیزل کے قیمتوں میں روزانہ اضافہ ہورہا ہے جو مکمل طور پر سرمایہ داروں کا کھیل ہے اور حکومت بالواسطہ طور پر اڈانی اور امبانی جیسے کارپوریٹ کمپنیوں کو فائدہ پہنچا رہی ہے۔ کوٹہ ضلعی جنرل سکریٹری نوید اختر نے اپنے خطاب میں کہا کہ راجستھان میں جب سے بی جے پی حکومت اقتدار میں بیٹھی ہے تب سے ریاست گوڈ گورننس کے بدلے بدا نتظامی کی طرف گامزن ہے۔ ریاست میں بجلی محکمہ،سڑکیں سمیت شعبے اور اب تعلیم کی نجکاری کرکے سرکاری ملازمتوں کے مواقع ختم کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے اس بات کی طرف خصوصی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں 300سرکاری اسکولوں کو PPPماڈل پر چلائے جانے کی حکومت نے اجازت دی ہے جس کا ایس ڈی پی آئی سختی سے مخالفت کرتی ہے۔ اس کے علاوہ کوٹہ شہر سمیت ریاست میں طبی نظام مکمل طور پر ناکام ہے ، ڈینگو اور سوائن فلو ریاست میں پھیل رہی ہے، کوٹہ اور ہاڈوتی میں ڈینگو اور سوائن فلو سے درجن بھر سے زائد افرات کی اموات ہوئی ہیں ایسے میں لیب اسسٹنٹ اور سرونگ ڈاکٹرس کا ہڑتال پر جانا حکومت کی ناکامی کا ثبوت ہے۔ کوٹہ شہر میں مویشیوں کے سڑکوں پر آنے سے آئے دن حادثات ہوتے ہیں۔ حفظان صحت کے نام پر کروڑوں روپئے خرچ کرنے کے باوجود کوٹہ شہر گندگی کا انبار بنا ہوا ہے۔ شہر کے کئی علاقوں میں وقت پر پانی نہیں آتا ہے لیکن مقامی رکن اسمبلی اور رکن پارلیمان صرف خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ کوٹہ مونسپل پوری طرح ناکام ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اگر عوام کی بنیادی سہولیات پر توجہ نہیں دے گی عنقریب ایس ڈی پی آئی عوام کو ساتھ لیکر بڑے پیمانے پر احتجاجات کرے گی۔ احتجاجی مظاہرے میںپر پاپولرفرنٹ آف انڈیا کے ضلعی صدر شعیب احمد نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر ایس ڈی پی آئی کوٹہ ضلعی سکریٹری جاوید حسین سمیت مبارک حسین، ذاکر حسین اور سینکڑوں کارکنان شریک رہے۔





