دیوبند : (ملت ٹائمز؍رضوان سلمانی )
مسلم خواتین کے لئے بغیرمحرم کے سفر حج پر جانے کی راہ ہموار کرنے کے سلسلہ میں مرکزی حج واقلیتی امور کے وزیر مختار عباس نقوی کا بیان جس میں انہوں نے کہاتھا کہ جن خواتین کی عمر ۴۵یا اس سے زیادہ ہے وہ تین چار خواتین کا گروپ بناکر حج پر جاسکتی ہیں ، ان کا یہ بیان اس وقت مسلم معاشرہ میں ہدف تنقید بنا ہوا ہے۔اس مسئلہ میں دارالعلوم دیوبند نے بھی اپنا موقف سامنے رکھا ہے اور کہا ہے کہ مسلم خواتین بغیر مرد محرم سفر حج اختیار نہیں کرسکتیں ، اس سلسلہ میں دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی نے کہا کہ خواتین کے لئے حج کا سفر بغیر مرد محرم کے کرنا ممنوع ہے ، اسلام اس کی اجازت نہیں دیتا، انہوں نے کہا کہ کابینی وزیر مختار عباس نقوی کے بیان پر وہ کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتے چونکہ یہ ظاہر ہے کہ ان کا بیان انتظامی امور اور سیاسی مصلحتوں سے متعلق ہے ۔ شریعت اسلامی سے ان کے بیان کا کوئی واسطہ نہیں ہے ، ہم کوئی تبصرہ کرنے کے بجائے محض شرعی مسئلہ بیان کرسکتے ہیں اور وہ یہ ہے کہ حدیث میں صراحت کے ساتھ یہ بات موجود ہے کہ خواتین بغیر محرم مرد کے سفر اختیار نہیں کرسکتی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ فقہاء کا اجتہادی مسئلہ نہیں بلکہ حدیث میں اس کی وضاحت اور صراحت موجود ہے۔ملت ٹائمز سے بات کرتے ہوئے مفتی ابوالقاسم نعمانی نے کہا کہ اگر حکومت ہند بغیر محرم مرد کے عورت کو حج پر جانے کی اجازت دیتی ہے تو یہ مذہبی امور میں براہ راست مداخلت ہوگی ، حکومت کو ایسا نہیں کرنا چاہئے۔ مذہبی امور میں حکومت کی مداخلت سے معاملات سدھرنے کے بجائے خرا ب ہوتے ہیں اور حکومت کی نیت پر بھی شبہ ہوتا ہے ۔ مفتی ابوالقاسم نعمانی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اگر کوئی عورت بغیر محرم مرد کے سفر حج پر جاتی ہے تو یہ بلاشبہ اسلامی احکامات کی خلاف ورزی ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اگر اجازت بھی دیدے تو مسلم خواتین کو ا س سے اجتناب کرنا چاہئے ، غیر شرعی راستہ اور طریقہ اختیار کرکے حج یا کوئی دوسری عبادت کرنا کوئی بھی مومن پسند نہیں کرسکتا ، اس لئے ہم امید کرتے ہیں کہ وزارت حج اس مسئلہ پر نظر ثانی کرے گی اور اپنے اس غیر شرعی فیصلہ کو واپس لے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت کی جانب سے ایسا نہیں بھی کیا جاتا تو مسلم خواتین کو اس فیصلہ سے انحراف کرتے ہوئے اسلامی اصولوں پر عمل کرنا چاہئے اور اللہ جب حج بیت اللہ کی توفیق دے تو بغیر محرم مرد کے سفر نہیں کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ حج کا ویزہ دینے کا حق سعودی حکومت کا ہے، بنا شرعی اصول کے حج کرنا ٹھیک نہیں ہوگا ۔





