راولپنڈی (ملت ٹائمزایجنسیاں)
پاک افغان خرلاچی بارڈر کے قریب دہشتگردوں کی جانب سے بچھائی گئی بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک افسر سمیت سکیورٹی فورسز کے 4 جوان شہید جبکہ 3 زخمی ہوگئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق غیر ملکی خاندان کو دہشتگردوں سے بازیاب کرانے والی پارٹی کے جوان علاقے میں دہشتگردوں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن کر رہے تھے کہ اسی دوران سڑک کنارے نصب دیسی ساختہ بارودی سرنگ دھماکے سے پھٹ گئی جس کے نتیجے میں ایک افسر سمیت چار جوان شہید اور تین زخمی ہوگئے۔ شہید ہونے والوں میں کیپٹن حسنین، سپاہی سعید باز، سپاہی قادر اور سپاہی جمعہ گل شامل ہیں جبکہ نائیک انور، سپاہی ظاہر اور لانس نائیک شیر افضل اس دھماکے میں زخمی ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ پاک فوج نے بدھ کے روز ایک غیر ملکی خاندان کو اس وقت بازیاب کرایا تھا جب طالبان انہیں افغانستان سے کرم ایجنسی منتقل کر رہے تھے۔ مغویوں میں کینیڈین شہری، اس کی امریکن بیوی اور ان کے تین بچے شامل تھے جنہیں 2012 میں افغانستان سے حقانی نیٹ ورک نے اغوا کیا تھا۔





