انتہائی تیزی کے ساتھ ترقی کرنے والے ممالک کی فہرست میں ترکی دنیا بھر میں تیسرے نمبر پر:وزیر اعظم بن علی یلدرم

انقرہ(ملت ٹائمز)
ترکی سرعت اور تیزی سے ترقی کرنے والا دنیا کا تیسرا سب سے بڑا ملک بن گیا ہے ،ترکی کے سرکاری اخبارٹی آر ٹی کی رپورٹ کے مطابق ترکی کے وزیر اعظم بن علی یلدرم کاکہنا ہے کہ ترکی سرعت سے ترقی کرنے والا دنیا کا تیسرا بڑا ملک ہے۔
وزیر اعظم اور آک پارٹی کے قائمقام چیئرمین بن علی یلدرم نے پارٹی کے پارلیمانی گروپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ “دنیا میں ہم سے زیادہ ترقی کرنے والے دو ملک ہیں چین اور ہندوستان۔ انشااللہ امسال کے اختتام تک ہماری شرح نمو 6 فیصد سے زیادہ ہو گی، شاید یہ 7 فیصد تک بھی پہنچ جائے۔ ایسا ہونے کی صورت میں ترکی دنیا کے ترقی یافتہ 20 ملکوں کے اندر سب سے زیادہ ترقی کرنے والے ملکوں میں سر فہرست آجائیگا۔
ترکی کے وزیر اعظم نے 25 ستمبر کو شمالی عراق میں ہونے والے غیر قانونی آزادی ریفرنڈم اور اس کے بعد کی پیش رفت کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پشمرگوں کے زیر کنٹرول خلیل ابراہیم سرحدی چوکی کو بھی آج صبح عراقی مرکزی حکومت کے س±پرد کر دیا گیا ہے۔ جس کے بعد ہابور سرحدی چوکی سے آمدورفت کا کنٹرول عراقی حکومت کرے گی۔ ”
واضح رہے کہ شرناک کی تحصیل سلوپی میں مشقیں کرنے والی ترک اور عراقی مسلح قوتوں کے دستے آج صبح عراق کی سرحدی چوکی خلیل ابراہیم کو پہنچے تھے، جہاں پر عراقی فوجیوںنے سرحدی کنٹرول سنبھالنے کے بعد خوشیاں منائی تھیں۔