پٹنہ(پریس ریلیز)
صفائ کو نصف ایمان قرار دیا گیا ہے۔اسلئے ہمارا معاشرہ اور سماج یقینا صاف و شفاف ہونا چاہیے مگر بحیثیت انسان ہمیں اپنے قلب کی صفائ پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار شعبہ اردو پٹنہ یونیورسٹی میں معروف ناقد پروفیسر علی احمد فاطمی صدرشعبہ اردو الہ آباد یونیورسٹی نے کیا۔انہوں نے شعبے کی جانب سے صفائ اور شجر کاری مہم کو اچھا اور قابل تقلید قدم بھی قرار دیا۔واضح ہو کہ شعبہ اردو پٹنہ یونیورسٹی کی جانب سے آج صاف وشفاف کیمپس کے تحت صفائ پروگرا م منعقد کیا گیا تھا جس میں پروفیسر اعجاز علی ارشد،پروفیسر عبدالصمد،پروفیسر توقیر عالم،عبدالقیوم انصاری مہمانان خصوصی کے طور پر شریک ہوئے۔ پروگرام کے آغاز میں تقریب کا تعارف کرواتے ہوئے شعبے کے استاد شہاب ظفر اعظمی نے بتایا کہ پٹنہ یونیورسٹی صدی تقریبات کے تحت سہ روزہ بیداری تقریب کا انعقاد کیا گیا ہے۔وزارت فروغ انسانی وسائل اور پٹنہ یونیورسٹی کی ہدایات کے پیش نظر شعبہ اردونے صفائ شجر کاری اور ڈیجیٹل بیداری کا جو پروگرام ترتیب دیا ہے آج اس کی پہلی کڑی صفائ تقریب کے ذریعہ پوری کی گئ۔آج طلبہ اساتذہ اور مہمانوں کے ہاتھوں صفائ مہم شروع کی گئ ہے کل اس سلسے کو شجر کاری کے ذریعہ آگے بڑھایا جائے گا۔انہو ں نے مہمانوں کا تعارف اور خیرمقدم۔بھی کیا۔
پروفیسر اعجاز علی ارشد پرنسپل پٹنہ کالج نے کہا کہ مسلمانوں کو اکثر گندگی کے لئے بدنام کیا جاتا ہے،ضرورت ہے کہ ہم اپنے عمل سے اس امیج کو ختم کرنے کی کوشش کریں۔انہوں نے شعبے کی پہل کی ستائش کرتے ہوئے اسے پورے معاشرے میں رائج کرنے کی تلقین کی۔انہوں نے صفائ اور ماحولیاتی بیداری کو شعروادب کا حصہ بھی بنانے پر زوردیا۔
معروف فکشن نگار عبدالصمد نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئےکہا کہ صفائ کی تلقین ہر مذہب نے کی ہے مگر اسلام نے شاید سب سے زیادہ اس جانب ہمیں متوجہ کیا ہے۔انہوں نے تذکیہ معاشرہ سے تذکیہ قلب تک کے سفر کو بہت خوبصورت انداز میں سامعین تک پہنچایا۔
پروفیسر توقیر عالم صدر شعبہ اردو بہاریونیورسٹی نے مرکزی حکومت کے ذریعہ اس طرح کے مسائل پر توجہ کو مفید بتا یا مگر یہ بھی کہا کہ یہ مسائل نئے نہیں ہیں اور نہ ہی اس پہ توجہ پہلی بار دی گئ ہے۔مگر اچھی بات یہ ہے کہ اب اسے تعلیمی اداروں اور نصابی سرگرمیوں سے منسلک کیا جا رہا ہے۔
عبدالقیوم انصاری سکریٹری انجمن ترقی اردو نے صفائ ارد شجر کاری مہم میں ہمہ وقت ساتھ دینے کا یقین دلایا اور طلبہ طالبات واساتذہ سے وعدہ کیا کہ شعبے کی تزئین و نظافت کے ہر کام میں انجمن آپ کے ہم قدم رہے گی۔
آخر میں صدر شعبہ اردو نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے طلبہ وطالبات کو دینی ودنیوی دونوں اعتبار سے صفائ کی اہمیت بتائ اور ایسی سرگرمیوں میں شرکت کی افادیت سے روشناس کیا۔انہوں نے یقین دلایا کہ یہ سہ روزہ پروگرام انشااللہ شعبے کے ساتھ ساتھ سامعین کے ذہن ودل میں بھی انقلاب پیدا کرے گا۔انہوں نے تمام حضرات سے اگلے دو دن کی تقریبات میں شرکت کی بھی اپیل کی ہے۔اس تقریب میں اردو عربی اور فارسی کے طلبہ طالبات ریسرچ اسکالرز کے علاوہ پروفیسر اسرائیل رضا، شمیم قاسمی، ڈاکٹر سرورعالم ندوی ڈاکٹر مسعود کاظمی عارف حسین اور شہر کی کئی معزز شخصیات نے شرکت کی۔