ممبئی: 25؍جنوری (ملت ٹائمز)
گذشتہ دنوں ممبئی کے ناگپاڑہ میں اسد الدین اویسی پر دوران تقریر کسی شرپسند نے جوتا پھینک دیا ،یہ جوتا اویسی کو نہیں لگا البتہ ان کے قریب جاکر گرا۔ ذرائع کے مطابق اسد الدین اویسی وزیر اعظم نریندر مودی کی مسلم مخالف پالیسیوں کے خلاف تقریر رکرہے تھے اسی دوران ایک شرپسند اسٹیج کی طرف جوتا پھینک کر چلتابنا ،یہ جوتا اویسی کے اسٹیج کے قریب جاکر گرا وہاں موجود لوگ شرپسند کو گرفتار کرنے میں ناکام رہے تاہم سی سی ٹی وی کیمرے سے ملزم کی شناخت کرلی گئی اور ممبئی پولس کی تلاش جاری ہے ۔اویسی نے جوتا پھینکنے والوں کے خلاف کچھ بولنے کے بجائے دومنٹ کے وقفہ میں پوری مجلس کو کنٹرول کرتے ہوئے دوبارہ اپنی تقریر شروع کردی۔ انہوں نے حوصلہ سے کام لیتے ہوئے کہاکہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم پر بھی طائف میں پتھر پھینکے گئے تھے آج ہمارے اوپر بھی شریعت اور اسلام کے حق کی باتیں کرنے پر جوتا پھینکاگیاہے اور یہی میری کامیابی ہے ، انہوں نے کہاکہ ابھی میرے پاس 45 منٹ کا وقت ہے اور اب مودی کے خلاف ہی بولوں گا ۔ چیلنج کرتے ہوئے کہاکہ اگر کسی میں ہمت ہے تو سامنے آئے ،مخنثوں کی طرح پیچھے سے وار نہ کرے ، انہوں نے کہاکہ مسٹر مودی آپ سن لیں ، میں بغیر سیکوریٹی کے رہتاہوں، کسی کی ماں میں دم ہے تو مجھ پر حملہ کرے۔ جس طرح چاہتے ہومجھ سے مقابلہ کرو ،زبان سے کرو، جمہوری انداز میں کرو یا پھر کسی اور طرح سے چاہو تو کرلو، خداکی قسم جنگ احد اور جنگ موتہ کے شہداء کو میں شرمندہ نہیں کروں گا ۔





