ہم ہر طرح کے انتشار سے اپنے آپ کو بچائیں

قاضی مجاہد الاسلام قاسمیؒ
(سابق صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ)
حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ہمارے اندر استقامت ہو اور ہم باہمی موافقت کے ساتھ تحفظ شریعت کا سفر طے کریں، ہم وحدتِ کلمہ کی بنیاد پر اپنے آپ کو متحد رکھیں، اپنی صفوں میں شگاف نہ آنے دیں، اور ہر طرح کے انتشار اور بکھراؤ سے اپنے آپ کو بچائیں، اس وقت فاشٹ طاقتیں پوری قوت کے ساتھ مسلمانوں میں اختلاف و انتشار پیدا کرنے کے لیے کوشاں ہیں، اس کے لیے سیاسی ہتھکنڈے بھی استعمال کیے جارہے ہیں اور مذہبی اختلافات کو بھی ہوا دی جارہی ہے، ہم آپ سے اور آپ کے واسطہ سے پوری ملتِ اسلامیہ ہند سے دست بستہ عرض کرتے ہیں اور پوری دل سوزی اور درد مندی سے تمام مسلمانوں سے ان کے ایک حقیر بھائی کی حیثیت سے درخواست کرتے ہیں کہ خدا را ! اس سازش کو سمجھیں، دشمن کی عیاری سے متأثر نہ ہوں، فراستِ ایمانی سے کام لیں، اور اخوتِ اسلامی کو ہر رشتہ و علاقہ سے زیادہ عزیز تر رکھیں، اگر ہم نے خدا سے اپنا تعلق استوار رکھا اور تدبر ، حکمت اور وحدت و اجتماعیت کا ساتھ نہ چھوڑا تو کوئی نہیں جو ہماری راہ روک سکے ورنہ یہ ایسا نقصان ہوگا کہ کبھی اور کسی طرح شاید اس کی تلافی ممکن نہ ہو۔