مدھوبنی؍بسفی: (ملت ٹائمز؍نمائندہ) دین بچاؤ دیش بچاؤ ریلی کے حوالے سے مدہوبنی کے مشہور و معروف ادارہ مدرسہ اسلامیہ محمود العلوم دملہ میں آج بسفی بلاک کی ہر پنچایت کے نمائندوں کی ایک عظیم الشان بیٹھک زیر صدارت قاضی اعجاز احمد قاسمی منعقد ہوئی، اس پروگرام میں ہر پنچایت کے نمائندوں نے قاضی شریعت دار القضا دملہ حضرت مولانا مفتی اعجاز احمد قاسمی کے سامنے اپنی تیاریوں کی رپورٹ پیش کی، کس گاؤں سے کتنی گاڑیاں ہوچکی ہیں اور کتنی مزید گاڑیوں کا امکان ہے ، اس پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع سے بسفی اسمبلی حلقہ کے رکن اسمبلی جناب ڈاکٹر فیاض احمد نے کہا کہ پٹنہ میں ریلی نہیں ریلی میں پٹنہ ہوگا، اور اس ریلی میں بسفی حلقہ سے واضح اور نمایاں حصہ داری ہوگی، انہوں نے کہا کہ ویسے تو پورے بہار کے مسلمان اس ریلی کو کامیاب بنانے کے لیے سرگرم ہیں، لیکن حضرت مفتی اعجاز صاحب نے جس زمینی سطح پر پنچایت اور گاؤں لیبل پر ذمہ داریاں متعین کی ہیں اور ایک ایک محلہ بلکہ ایک گھر کو اس تحریک سے جوڑا ہے وہ دوسری جگہوں پر اتنا منظم نظر نہیں آیا ہے، اس لیے دوسرے علاقے کے مقابلے میں یہاں سے واضح نمائندگی ہوگی، انہوں نے کہا کہ ویسے تو ضلع کا ہر مسلمان قابل مبارکباد ہے تاہم مدہوبنی ضلع میں قاضی اعجاز صاحب اور قاضی حبیب اللہ صاحب کی محنت لائق تحسین ہے، میں حضرت مفتی صاحب کو بہت بہت مبارک پیش کرتا ہوں کہ حضرت امیر شریعت کی ایما پر رات و دن ایک کر کے لوگوں کو ایک دوسرے سے جوڑے رکھا، اس موقع سے مفتی اعجاز احمد قاسمی قاضی شریعت نے کہا کہ بسفی حلقہ کو ضلع پریشد حلقہ کے اعتبار سے چار زون میں تقسیم کیا گیا تھا، دو زون یعنی پچمھی حلقہ کے لوگ اپنے گھروں سے 14 اپریل کو بعد نماز عشاء گاڑیوں پر سوار ہوکر بینگڑہ پٹرول پمپ کے آس پاس رکیں گے اور نو بجے رات میں وہاں سے روانہ ہوکر مبّی پل دربھنگہ پر رکیں گے اور پوربی زون کے لوگ اپنے گھروں سے گاڑیوں پر سوار ہوکر زیرو مائل اونسی چوک پر رکیں گے اور نو بجے رات میں وہاں سے روانہ ہوکر مبّی دربھنگہ میں آکر پچمھی زون کے لوگوں سے مل جائیں گے اور وہاں سے بسفی کے تمام لوگ ایک ساتھ روانہ ہوں گے ، رپورٹ پیش ہونے کے بعد انہوں نے کہا کہ ابھی تک کی رپورٹ کے مطابق مطابق بسفی حلقہ سے لگ بھگ سو سے زائد بسیں اور تین سو کے آس پاس چارچکہ گاڑیاں پٹنہ جانے کے لئے تیار ہیں، مزید بڑھنے کا امکان ہے بینی پٹی، مدھوا پور، ہرلاکھی، بلاک سے اس کے علاوہ ہے،اس موقع سے مولانا محمد یوسف قاسمی نے بھی خطاب کیا، پروگرام کا آغاز قاری صبغت اللہ عرفانی کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا اور نظامت کے فرائض مولانا محمد یوسف قاسمی نے انجام دئیے، علاقے کی اہم شخصیات میں جناب افروز مکھیا پرسونی، حافظ نسیم صاحب، جناب عبدالحی صاحب، مولانا نجم العارفين، ضیاء مکھیا، اشرف صاحب، صالحین مکھیا، مولانا عبد المنان قاسمی، مولانا افتخار قاسمی، پھول بابو، فہیم احمد، مولانا عبد الغنی قاسمی، عمر فاروق قاسمی، حافظ چاند، ڈاکٹر عالم صاحب، امتیاز منا، جناب بدیع الزماں، جسیم الدین صاحب سابق سرپنچ، گلاب صاحب، مولانا قمر قاسمی صاحب، معاذ عرف علن بابو، مولانا نسیم قاسمی، مولانا انس قاسمی، حافظ صالحین، مولانا کلیم اختر قاسمی،مولانا امیر الحق وغیرہ قابل ذکر ہیں. یاد رہے کہ دارالقضا دملہ کے تحت چار بلاک آتے ہیں جس میں بینی پٹی، ہرلاکھی، مدھوا پور، بسفی شامل ہے اور ہر ایک بلاک میں الگ الگ طور پر محنت چل رہی ہے اور حضرت قاضی صاحب کا دورہ مسلسل جاری ہے۔