لیبیا کے حکام نے بتایا ہے کہ متعدد مسلح حملہ آوروں نے بدھ کو لیکشن کمیشن کے صدر دفاتر پر دھاوا بولا تھا اور ان میں دو خود کش بمبار تھے۔حملے کے بعد مسلح جنگجووں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری تھا
طرابل(ایجنسیاں)
لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں الیکشن کمیشن کے صدر دفتر پر خودکش بم حملے کے نتیجے میں گیارہ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔ بم دھماکے کے بعد عمارت کو آگ لگ گئی ہے۔
لیبیا کے حکام نے بتایا ہے کہ متعدد مسلح حملہ آوروں نے بدھ کو لیکشن کمیشن کے صدر دفاتر پر دھاوا بولا تھا اور ان میں دو خود کش بمبار تھے۔حملے کے بعد مسلح جنگجووں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری تھا۔ دفتر کے ترجمان نے بتایا ہے کہ حملے میں مرنے والوں میں ادارے کے تین ملازمین اور اور مقامی سکیورٹی فورسز کے چار اہلکار شامل ہیں۔انھوں نے مزید بتایاکہ ” میں نے خود دو خودکش بمبار دیکھے تھے۔ وہ اللہ اکبر کے نعرے لگا رہے تھے۔دھماکے کے بعد دونوں بمباروں کے جسمانی اعضاء زمین پر ادھر ادھر بکھر گئے“۔
ان کا کہنا تھا کہ ” ایک بمبار نے کمیشن کی عمارت کے اندر خود کو دھماکے سے اڑایا تھا اور دوسرے حملہ آوروں کو عمارت کو آگ لگادی۔اس وقت عملہ عمارت سے باہر ہے اور سکیورٹی اہلکار حملہ آوروں سے نمٹ رہے ہیں “۔
سوشل میڈیا پر الیکشن کمیشن کے دفاتر پر حملے کے بعد کی تصاویر پوسٹ کی گئی ہیں۔ان میں طرابلس کے مغربی علاقے غوط الشعال میں واقع دفاتر کی عمارت سے سیاہ دھویں کے بادل بلند ہوتے دیکھے جاسکتے ہیں۔
فوری طور پر کسی گروپ نے اس خودکش بم حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی ہے۔واضح رہے کہ لیبیا کا الیکشن کمیشن نئے عام انتخابات سے قبل ووٹروں کا اندراج کررہا ہے۔اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ اس سال کے اختتام تک یہ انتخابات منعقد ہوسکتے ہیں۔