رسول ﷺ سے محبت کرناایمان کا جزء ہے، ان سے محبت کی علامت ان کی لائی ہوئی شریعت پر عمل کرناہے۔رسول دنیاوآخرت کی کامیابی کاراز شریعت پر چلنے میں ہے،ان خیالات کا اظہارقاضی ومفتی محمدفیاض عالم قاسمی نے بندیرام گچھ ، اسلام پورمیں سیرت مصطفیٰ کے عنوان پر دوروزہ عظیم الشان اجلاس عام سے خطاب کرتےہوئے کیا۔موصوف نےصحابہ کرام کی رسول سے محبت کرنے کے چند واقعات کوسناکر سامعین کو آبدیدہ کیا اورکہاکہ سچا عاشق رسول سنت پر عمل کرتاہے اوراسے بدعت سے نفرت ہوتی ہے، یہ جذبہ صحابہ کرام کے نقش قدم پر چلنے ہی میں ملتاہے۔نزول قرآن کے مقصد پر بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا قرآن کونازل کرنے کامقصد اللہ کے پیغام کو سمجھنا اوراس پر عمل کرنا ہے، مگرافسوس کہ آج ہم نے اس کو طاقوں پرسجا رکھا ہوا ہے، نماز کی فرضیت اوراس کی اہمیت پر بیان کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ ہرعاقل وبالغ مسلمان پر نمازپڑھنا فرض ہے، مگرافسوس کا مقام ہےکہ اگر علاقہ کاسروے کیاجائےتو دس فیصد لوگ بھی اس فریضہ پر عمل نہیں کرتے ہیں، بہرحال ضرورت اس بات کی ہےلوگوں میں شریعت پر چلنےاورخاص طورپرنماز پڑھنے کے تعلق سے بیداری پیداکی جائے تب ہی ہم دنیا و آخرت میں سرخ روہوسکتے ہیں۔ یہ اجلاس مفتی ابوالقاسم صاحب قاسمی نے اپنے رفقاء کے ساتھ منعقدکیا، نظامت کے فرائض مولاناغفران قاسمی نے انجام دئے جب کہ شاعراسلام مفتی شریف احمد صاحب قاسمی( پانچ گچھیہ) نےاپنی سریلی اوردلنشیں آواز سے لوگوں کو نعت نبی سناکرمحظوظ کیا، ینگ کمیٹی بھوجا گاؤں کے سکریٹری جناب سید نورعالم صاحب بھی اپنے رضاکاروں کے ساتھ جلسہ میں شریک رہے۔