محمد بن سلمان کی طیب ایردوان کو خصوصی مبارکباد، ترکی کی ترقی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار

انقرہ: ترکی کی سیاسی تاریخ میں شاندار فتح حاصل کرنے والے صدررجب طیب ایردوان کو عالمی سربراہان کی جانب سے مبارکباد کا سلسلہ جاری جس میں سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر دفاع محمد بن سلمان کا نام بھی شامل ہے ۔ترک میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے صدر ایردوان کو تہنیتی پیغام بھیجا ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ صدر ایردوان کی اچھی صحت کامتمنی ہوں اور برادر ترک عوام کی مزید ترقی کیلئے کر دعا گو ہوں۔
اس کے علاوہ صدر ِ جرمنی فرینک والٹر۔ اشٹائن مائر نے صدر رجب طیب ایردوان کو ٹیلی فون کرتے ہوئے انتخابات میں فتح یاب ہونے کی مبارکباد دی ہے۔جرمن وزیر خارجہ ہیکو ماس کا بھی کہنا ہے کہ ہم ترک رائے دہندگان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ، جن کے ہر فیصلے کو قبول کرنے اور اس کا احترام کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے اس تمنا کا اظہار کیا کہ جرمنی۔ ترکی اور ترکی۔ یورپی یونین تعلقات آئندہ کے دور میں کہیں زیادہ بہتر سطح پر ہوں گے۔
صدرِ فرانس امینول ماکرون نے بھی صدر ترکی کو انتخابی کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ “ترک عوام نے آپ کو دوبارہ صدر کا منصب دیا ہے اور پارلیمنٹ میں بھی آپ کے اتحاد ِ جمہور کی کامیابی پر میں دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں اور فرانس کے نام پر آپ کی اور ترک عوام کی کامیابیوں کا دعا گو ہوں۔برطانوی وزیر اعظم تھریسا مئے اور یونانی وزیرِ اعظم الیکسسز چپراس نے بھی صدر ِ ترکی کو ٹیلی فون پر مبارکباد دی ہے