مدہوبنی (نمائندہ) اردو ڈائریکٹوریٹ محکمہ کابینہ سکریٹریٹ حکومت بہار مدہوبنی کے زیر اہتمام ہونے والے اردو تقریری مسابقہ میں ودیا پتی ہائی اسکول بسفی مدہوبنی کی طالبات کا دبدبہ پوری طرح دکھا، میٹرک اور اس کے مساوی فرع میں پہلی پوزیشن کل دو امیدوار شگفتہ پروین نورچک اور معراج مدہوبنی نے حاصل کی جس میں شگفتہ پروین اس اسکول کی طالبہ ہے، جس نے تعلیم کی اہمیت پر تقریر کرکے پانچوں حکم کے دلوں کو جیت کر پہلا مقام حاصل کیا جسے اکتیس سو روپے کا انعام ملا،اسی فرع میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ طالبات میں ودیا پتی ہائی اسکول بسفی کی طالبہ ٰآفرین پروین بھی شامل رہی انہیں گیارہ سو روپے ملے ، انٹر اور اس کے مساوی فرع میں بھی پہلی پوزیشن دو طالبات اقصی جبیں اور چاندنی پروین نورچک نے حاصل کی جس میں طالبہ چاندنی پروین بھی بسفی ہائی اسکول کی تھیں،انہیں اکتالیس سو روپے انعام ملے، اسی فرع کی دوسری پوزیشن کل چھ طلبہ و طالبات نے حاصل کی ان چھ میں تین طالبات شگوفہ پروین نورچک ، راحت پروین بسوريا، ، اور فرحت پروین بسوريا بھی اسی اسکول کی طالبہ تھیں جنہیں اکتیس اکتیس سو روپے انعام سے نوازا گیا، گریجویٹ فرع میں یہاں کی کوئی طالبہ شامل نہیں تھیں کیونکہ یہ اسکول انٹر معیار کا ہی ہے ، کل ملا کر یہاں کی چھ طالبات نے کسی نہ کسی فرع میں پوزیشن حاصل کی، اس موقع پر اسکول کے ہیڈ ماسٹر عبدالسميع سلفی نے مولانا عمرفاروق قاسمی کو ان بچیوں کے تیار کرنے پر مبارک باد پیش کی کہ ان کی کوششوں سے اسکول کا نام پورے ضلع میں روشن ہوا، اس موقع پر جامعہ عائشہ کے ناظم مولانا محمد حسنين قاسمی نے کہا کہ میں استاذ ہونے کی حیثیت سے ان بچیوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کیونکہ اس میں سے کچھ طالبات اس سے پہلے ہمارے یہاں زیر تعلیم تھیں، مولانا عمرفاروق قاسمی نے ان کی اردو صلاحیت کو زنگ لگنے نہیں دیا انہیں مزید صیقل کیا، وہیں اسکول کے تمام اساتذہ ماسٹر نفیس، مولانا عبدالقادر ارشد کمالی ،شمبھو کمار شرما، پون کمار، مدن کمار، سروج کمار، داہر ساہو وغیرہ نے بھی خوشی کا اظہار کیا، ودیا پتی ہائی اسکول بسفی نے ان چند سالوں میں کئی نئے تمغے حاصل کئے پچھلے سال آل بہار میتھلی مقابلے میں یہاں کی ایک طالبہ پریتی نے پہلی پوزیشن حاصل کی تھی اور اسے سنگھا پور کی سیر کا موقع ملا، دوسری طرف مدرسہ اسلامیہ راگھو نگر بھوارہ اور مدرسہ فلاح المسلمين بھوارہ کے طلبہ نے بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور کئی فروعات میں یہاں کے طلبہ بھی کامیاب رہے، گریجویشن اور اس کے مساوی فرع میں جن دو طلبہ نے پہلی پوزیشن حاصل کی ان کے نام ہیں، اسلم حسین مدرسہ اسلامیہ اندھرا ٹھاری ، اور ارشاد عالم آر ایچ کالج پنڈول، یاد رہے کہ مدہوبنی ضلع کے مختلف بلاک کے اسکول اور مدارس کے بڑی تعداد میں طلبہ و طالبات نے اس پروگرام میں حصہ لیا اور اپنے جوہر دکھائے، حکم کے فرائض، مفتی امداد اللہ قاسمی مدرسہ فلاح المسلمين گوا پوکھر، پروفیسر اشتیاق صاحب، نسواں کالج مدہوبنی، پروفیسر قاضی محمد جاوید، نسواں کالج مدہوبنی، پروفیسر صدر عالم گوہر، خواجہ ڈیہہ کالج لدنیا مدہوبنی، جناب کریم اللہ، نمائندہ تاثیر و فاروقی تنظیم نے انجام دیئے، نظامت کے فرائض بڑے خوبصورت انداز میں جناب واصف جمال نائب اردو مترجم پنڈول نے انجام دیا.