قربانی کے عمل میں صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں ممنوع جانوروں کی قربانی اور برادران وطن کے جذبات کوٹھیس پہونچانے والے فعل سے گریز کیا جائے : مسلمانا ن ہند سے ملی کونسل کی اپیل 

نئی دہلی:20 – اگست (پریس ریلیز) قربانی ایک عظیم فریضہ اور حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت ہے جس کی ادائیگی امت محمدیہ صلی اللہ علیہ وسلم پر واجب قرار دی گئی ہے ۔اس موقع پر امت مسلمہ کو اپنے اندر قربانی کا جذبہ اور شوق پیدا کرنا چاہیئے ،اس فریضہ سے ایثار وقربانی کا سبق لیناچاہیئے ۔قربانی میں جانوروں کا ذبح کا کرنا صاحب نصاب پر واجب ہے لیکن اصل پیغام اپنی پسندیدہ اور محبوب ترین چیز کو اللہ کے راستے میں قربان کرنے کا جذبہ پیدا ہوناہے اور یہی اصل پیغام ہے ۔ان خیالات کا اظہار آل انڈیا ملی کونسل کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد منظور عالم نے عید قرباں کے موقع پر مسلمانوں کے نام جاری پیغام میں کیا۔ انہوں نے مزید کہاکہ قربانی کے گوشت میں غریبوں اور رشتہ داروں کا خاص خیال رکھیں ،تین حصوں میں تقسیم کرکے ایک حصہ اپنے اہل خانہ کیلئے رکھیں،ایک حصہ قریبی رشتہ داروں کیلئے الگ کرلیں اور ایک حصہ غربا کے درمیان تقسیم کردیں تاکہ سبھی مسلمان عید قرباں کی مسرت میں شریک ہوسکیں ۔
ڈاکٹر محمد منظور عالم نے عید قرباں کے موقع پر مسلمانوں کے نام جاری پیغام میں مسلمانوں سے یہ بھی اپیل کی کہ جن علاقوں جو جانور قانونی طور پر ممنوع ہیں اس کی قربانی نہ کی جائے بلکہ متبادل جانورں کو استعمال کیا جائے ۔انہوں نے اس موقع پر ملک بھر کے مسلمانوں سے صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھنے کی اپیل بھی کی اور کہاکہ باپردہ جگہ پر قربانی کی جائے ،ایسا کوئی بھی طریقہ نہ اختیار کیا جائے جس سے برادران وطن کی دل آزاری ہو،جانوروں کی کھال صحیح اور مناسب جگہ پر جمع کی جائیں،احیتاط سے اسے لے جایائے ۔کھالوں کو منتقل کرتے وقت یہ بھی خیال رکھاجائے کہ اس کا خون راستے پر ٹپکنے نہ پائے ۔سوشل میڈیا صارفین سے بھی ملی کونسل نے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ گوشت اور قربانی کے جانورں کی تصاویر یا ویڈیوز فیس بک وہاٹس ایپ اور ٹوئٹر وغیرہ پر شیئر نہ کی جائے ۔نیز جن علاقوں میں شرپسندوں کی جانب سے کسی بھی طرح ک تشدد اور فساد کا خطرہ ہے ان علاقوں کے ذمہ دار حضرات ایس پی ،ڈی ایس پی ،ڈیم یا تھانہ انچارج کو حالات سے آگاہ کرکے سیکوریٹی کا مطالبہ کریں اور اس بات کا خاص خیال ر کھیں کہ ہمارے کسی بھی عمل سے برادران وطن کے جذبات کو ٹھیس نہ پہونچے ۔ہندوستان مسلمانوں کی نمائندہ تنظیم آل انڈیا ملی کونسل تمام مسلمانوں کو عید قرباں کی مبارکباد پیش کرتی ہے ۔