دارالعلوم دیوبند کی خدمات قابل رشک : چیف کمشنر




دیوبند: (ملت ٹائمز – رضوان سلمانی) انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کے چیف کمشنر رجنی کانت گپت ، جوائنٹ کمشنر راجیش کمار،جوائنٹ کمشنر جے پی سنگھ اور چیف کمشنر کی اہلیہ نے آج یہاں دارالعلوم دیوبند پہنچ کر ادارہ کی زیارت کرکے روحانی تسکین حاصل کی ۔ چیف کمشنر راجنی کانت گپت نے مہمانہ خانہ میں دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی سے تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے ادارہ میں دی جانے والی تعلیم و تربیت ، اخراجات ، طلباء کی تعداد اور دیگر اہم موضوعات پر پر گفتگو کرتے ہوئے تفصیلی معلومات حاصل کی ۔

مہتمم دارالعلوم دیوبند مفتی ابوالقاسم نعمانی نے بتایاکہ یہ ادارہ ڈیڑھ سو سالوں قبل بے سروسانی کے عالم میں ملک کی آزادی اور مسلمانوں کو مذہبی تعلیمات دینے کے لئے قائم کیاگیاتھا،جس کے اخراجات کا واحد ذریعہ عوامی چندہ ہے، انہوں نے بتایاکہ ادارہ میں تعلیم حاصل کرنے والے طلباء کو تعلیم کے ساتھ ساتھ ، قیام وطعام ،کتابیں، وظائف اور طبی سہولیات وغیرہ ادارہ کی جانب سے دی جاتی ہیں۔ اس دوران مہتمم دارالعلوم دیوبند نے مہمانوں کو ادارہ کی خدمات اور تاریخ کے ساتھ ساتھ علماء دیوبند کے کردار و زندگی اور آزادی یہاں کے اکابرین کی قربانیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی،ساتھ ہی تاریخ دارالعلوم سے متعلق مہمانوں کو کئی اہم کتابیں بھی بطور ہدیہ پیش کی۔

اس موقع پر چیف کمشنر رجنی کانت گپت نے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی کو بتایاکہ ان کی طویل عرصہ سے دارالعلوم دیوبند میں حاضرین کی خواہش تھی، آج یہاں پہنچ کر روحانی تسکین حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ میں نے دارالعلوم دیوبند کے بارے کافی سنا ہے لیکن کبھی یہاں آنے کا موقع نہیں ملا تھا، میں ہمیشہ یہاں آنے کی خواہش رکھتا تھا جس کی آج تکمیل ہوئی ہے۔

انہوں نے دارالعلوم دیوبند کی خدمات کو قابل رشک قرار دیتے ہوئے اپنی یہاں آمد کو نیک بختی سے تعبیر کیا۔ بعد ازیں چیف کمشنر رجنی کانت گپت اور درجن بھر افسران پر مشتمل ان کی ٹیم نے دارالعلوم دیوبندکی جدید و قدیم لائبریری، مسجد رشید اور دیگر اہم تاریخی عمارات کی زیارت کی۔ دیگر افسران نے بھی دارالعلوم دیوبند آمد کو اپنی دلی خواہش کی تکمیل بتایا ۔ اس دوران شعبہ تنظیم و ترقی کے قائم مقام اشرف عثمانی، محاسبی کے ناظم نیر عثمانی،کتب خانہ کے ناظم مولانا شفیق الرحمن،مہمان خانہ کے ناظم مولانا مقیم الدین اور مولانا رضی آزاد وغیرہ موجود رہے ۔

Comments

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *