نئی دہلی: ہندوستان کے 70ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر دہلی کے مختلف اسکولوں میں جشن یوم جمہوریہ بڑی دھوم دھام سے منایا گیا۔ اسی کے تحت قصاب پورہ میں واقع مدرسہ رشیدیہ معراج العلوم بڑی مسجد میں جشن جمہوریہ کے موقع پر قاری محمد ساجد کی صدارت میں پرچم کشائی تقریب منعقد کی گئی، جس میں مدرسہ کے طلبا نے تلاوت قرآن مجید، نعت شریف،حمد پاک، تقاریر اور قومی ترانہ پیش کر کے ناظرین سے داد وتحسین سمیٹی۔ اس موقع پرمہمانوں کے ہاتھوں شاندار صلاحیت کامظاہرہ کر نے والے طلبا کوترنگا میڈل اورخصوصی شیلڈ سے نوازا گیا۔حافظ ارشاد قریشی کی قیادت میں منعقد پروگرام میں مہمان خصوصی معروف عالم دینمفتی شمیم احمد قاسمی نے 26جنوری کے تعلق سے پُر مغز گفتگو کی۔ انہوں نے آزادی کے متوالوں کو سلام پیش کیا اورہندوستانی دستور کے حوالے سے کہاکہ ہمارا آئین مذ ہبی بنیاد پر نہیں بلکہ قومیت کی بنیاد پر بنا ہے نیز ایک مذہب کی بنیاد پر قطعی قانون نہیں بن سکتا ہے، وطن عزیز کا جو قانون ہے وہ سب سے خوبصورت اور شاندار ہے اسی وجہ سے ہمارا جمہوری ملک پوری دنیا میں مقبول ہے۔ مفتی شمیم نے انتہا ئی دلچسپ اندازتقریر میں قرآن شریف اور حدیث نبویؐ کے حوالے سے کہاکہ رب تعالی نے بھی مذہب سے اوپر قومیت کو ترجیح دی ہے، اسی لئے ہر ملکی باشندے کو وطن عزیزسے بے پناہ محبت ہو نی چاہئے کیو نکہ یہ مذہب اسلامی کی نشانی ہے۔ دہلی ہائی کورٹ کے وکیل حافظ فیضان چودھری نے اپنے خطاب میں کہاکہ آزاد ہندوستان کی تاریخ میں 2دن یادگاری حیثیت اور قومی اہمیت رکھتے ہیں ایک 15اگست جس میں قریب 300 سال کی جدوجہد کے بعد انگریزوں کے تسلط اور جبر و تشدد سے اہل وطن کو آزادی ملی اور دوسرا 26 جنوری جس کے اندر جمہوری آئین کا نفاذ عمل میں آیا یعنی ملک کے ہر باشندے کواسکے مذہب کے مطابق آزادی کے ساتھ زندگی گزارنے کی کھلی چھوٹ دی گئی سب کو برابری کا حق دیا گیا اور سب کے ساتھ عدل و انصاف کی یقین دہانی بھی کرائی گئی۔قبل ازیں پروگرام کے روح رواں مولانا انتظار حسین مظاہری نے مہمانان کا استقبال کیااور یوم جمہوریہ کی مبارکباد پیش کی۔آخر میں سلیم نقشبندی عرف پپو صاحب نے ملک وملت کی فلاح وبہبودگی وبھائی چارگی کی دعا کرائی جبکہ مہمانوں کا شکریہ حافظ غفران نقشبندی نے کیا۔ اس موقع پر انسانی حقوق کے علمبردار اسرار قریشی،’آپ‘کے سینئر لیڈر محمد عارفین (عارو بھائی)، سماجی خدمتگار ڈاکٹر نفیس قریشی،محمدشاہ ویز،ندیم ظہیر الدین،محمد اقبال،محمد ذاکر،صادقین قریشی،مشرفین قریشی،حاجی عطاء الرحمان ودیگر موجود رہے۔وہیں جشن جمہوریہ کی نسبت سے فراشخانہ میں واقع زوبی پبلک اسکول میں پرچم کشائی تقریب کا انعقاد ہوا،جس میں طلبا وطالبات نے مختلف رنگا رنگ پروگرام پیش کئے اور ناظرین و اساتذہ سے داد وتحسین حاصل کی۔سماجی خدمتگار امین الدین نظامی کی سرپرستی میں تقریب کے روح رواں انیس درانی نے مہمانوں کا استقبا ل پھولوں کا گلدستہ پیش کر کیاجبکہ عاطقہ خانم نے مہمانان کا تعارف کیا۔اس موقع پر مہمان خصوصی کے طور پر جمعیۃ علمائے ہند اسٹیٹ کے جنرل سیکریٹری مولانا جاوید احمد صدیقی قاسمی نے 26جنوری کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے مجاہدین آزادی کو یاد کیا اور آئین ودستور کے تعلق سے خطاب کیا۔مہمان ذی وقار انسانی حقوق کارکن شفیع دہلوی نے اپنے خطاب میں بچوں کو یوم جمہوریہ کی اہمیت و افادیت پرروشنی ڈالی۔اختتام پر بچوں نے جھنڈاسلامی کی،جبکہ اختتام پر حافظ غفران نقشبندی نے سبھی کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پرندیم شیخ، سہیل اختر، ازلان شاہ، آسیہ، ہیبا، ایمن، آفرین،ثمیہ، سعدیہ،عارفہ، ارسلان خان ودیگر موجودرہے۔ وہیں دوسری جانب کریمیہ اسکول (انگریزی میڈیم) چوڑیوالان میں جشن جمہوریہ کی تقریب منعقد کی گئی۔اس موقع پرمہمانان کی حیثیت سے شہزاداحمد، مستقیم احمد، منصور صدیقی نے شر کت کی۔ محترمہ عرشی نے بچوں کو یوم جمہوریت کے حوالے سے خطاب کیا، بعد ازیں کلاس کے جی کے بچوں نے تعلیمی کمیٹی کے ممبران کا استقبال کیا نیزمختلف کلاسوں کے بچوں نے ثقافتی پروگرام پیش کئے۔نظامت ممتاز پروین نے کی جبکہ اسکول کے پرنسپل مرغوب عالم نے مہمانان کا تعارف کرتے ہوئے جشن جمہوریہ کی اہمیت پر گفتگو کی۔پروگرام کو کا میاب بنا نے میں صفیہ صاحبہ، ہماقریشی، ہیبہ، رخسانہ، صبیحہ،ثنا، عشرت جہاں، خدیجہ، ثمیرا، سانیہ سمیت دیگر نے اہم کردار ادا کیا۔وہیں رحیمیہ پبلک اسکول، قریش نگر میں جشن یوم جمہو ریہ کی تقریب منعقد کی گئی، جسمیں اسکولی طالبات نے قومی ترانہ،مختلف حب الوطنی کے نغمے گروپ سولو میوزک پر فارمس کیااور ناظرین سے داد وتحسین سمیٹی۔ اس موقع پر اسکول کی پرنسپل شاہجہاں بیگم نے طلباء کو یوم جمہوریہ کی اہمیت اور افادیت روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ جس طرح ہمارے لئے یوم آزادی ایک مخصوص اور اہم دن ہے، اسی طرح یوم جمہوریہ بھی ہمارے لئے بیحد اہم روز ہے۔اس روز ہمارے ملک کا آئین نافذ ہوا جو آج تک قائم ودائم ہے، ہمارا فرض بنتا ہیکہ ہم اپنے ملک کے آئین کی عزت کریں اور ایک اچھے شہری ہو نے کا ثبوت پیش کریں۔محترمہ ثمینہ اور عرشی صاحبہ نے یوم جمہوریہ کی مبارکباددیتے ہوئے تحریک آزادی کے واقعات اور آئین نافذ کئے جانے کے حوالے سے تذکرہ کیا۔اس موقع پر شائستہ انجم، اختر، شہناز، ریحانہ،شائستہ، پروین، صبا، راسیہ، نغمہ، تنزیلہ، ثانیہ ،اسماء، صوفیہ ،فرحانہ سمیت تمام طالبات سمیت والدین نے شرکت کی۔وہیں جشن یوم جمہوریہ کی نسبت سے قومی اسکول، شاہی عید گاہ میں بھی پروگرام کاانعقادکیاگیا، جس میں اسکولی طالبات نے اپنے بہتر صلاحیت کامظاہرہ کرتے ہوئے مختلف ثقافتی پروگرام، حب الوطنی نغمے اور تقاریر پیش کیں۔ اسکول کے پرنسپل محبت علی ودیگر اساتذہ نے یوم جمہوریہ کی اہمیت پر خصوصی گفتگو کی۔