مودی حکومت نے ہندوستانی عازمین حج کو بڑا تحفہ دیا ہے۔ کیونکہ حج کوٹہ میں اضافہ کئے جانے کی خبر آ رہی ہے۔ ذرائع سے ملنے والی خبرکے مطابق ہندوستان کے حج کوٹے میں اضافہ کردیا گیا ہے اور اب یہ تعداد دو لاکھ کردی گئی ہے۔ اس طرح سے اب دو لاکھ عازمین سفرحج پرجائیں گے۔ کوٹے میں اضافہ کے بعد سب سے زیادہ فائدہ ان لوگوں کوہوگا، جنہوں نے درخواستیں دی تھیں اور انہیں منظوری نہیں ملی تھی۔ اس طرح سے اب تقریباً تمام عازمین سفرحج کے لئے روانہ ہونے کا راستہ واضح ہوگیا ہے اور آئندہ برسوں میں بھی اس کا فائدہ ہوگا۔
اطلاعات کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی کی سعودی عرب کے شہزادے اور ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کے بعد فیصلہ لیا گیا ہے۔ اس میٹنگ کے وقت وزیرخارجہ سشما سوراج اور مرکزی وزیر برائے اقلیتی امورمختار عباس نقوی بھی موجود تھے۔ حکومت کی جانب سے اس فیصلے کے بعد خوشی کی لہر دیکھنے کومل رہی ہے۔ وزیراعظم مودی کا شکریہ بھی ادا کیا جارہا ہے۔ قابل غورہے کہ مختار عباس نقوی کے اقلیتی امورکی وزارت میں رہتے ہوئے مسلسل تیسری بارحج کوٹہ میں اضافہ کیا گیا ہے.
واضح رہے کہ وزیراعظم نریندرمودی کی قیادت والی سرکارنے ہندوستانی عازمین کے کوٹے میں لگاتار دو سال اضافہ کرایا تھا اور اب یہ تیسرا موقع ہوگا۔ آزادی کے بعد سے پہلی بارگزشتہ سال ایک لاکھ 75 ہزار 25 ہندوستانی عازمین حج 2018 میں حج کے مقدس فریضے کی ادائیگی کے لئے سفرحج کرچکے ہیں اوراگراس سال اضافہ نافذ کیا جاتا ہے، تو پھریہ تعداد سب سے زیادہ ہوگی۔
گزشتہ سال ہندوستان اورسعودی عرب کے درمیان 2018 کے حج پردستخط کئے جانے والے معاہدے پردستخط ہونے کے بعد نافذ کیا گیا تھا۔ اس وقت مختارعباس نقوی نے اس سلسلے میں کہا تھا کہ اب سے تین سال قبل ہندوستان کا حج کوٹہ ایک لاکھ 36 ہزار 20 تھا جس میں گزشتہ دو برسوں کے دوران ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ اس ریکارڈ اضافے کے ساتھ یہ کوٹہ ایک لاکھ 75 ہزار 25 افراد تک پہنچ گیا ہے۔ تاہم اب یہ کوٹہ دو لاکھ ہوجانے کی خبرہے۔

Leave a Reply