عمران خان دباؤ میں۔ جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن پر عائد کی پابندی !

اسلام آباد (ایم این این) پاکستان کی وفاقی حکومت نے جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کو کالعدم تنظیمیں قرار دینے کا فیصلہ کرلیا۔

وفاقی حکومت کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ’اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان کی سربراہی میں قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں نیشنل ایکشن پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔’

اس بیان کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ کالعدم تنظیموں کیخلاف کارروائی کو تیز کیا جائے گا۔

پاکستان کے وزارت داخلہ کے ترجمان کے مطابق اجلاس میں اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا کہ وزارت داخلہ کی جانب سے جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کو کالعدم تنظیم قرار دیا جائے گا۔ خیال رہے کہ پاکستانی وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وزیراعظم ہاؤس میں قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جو 3 گھنٹے سے زائد جاری رہا۔

اس اجلاس میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان، حساس اداروں کے سربراہان اور سیکیورٹی حکام سمیت خزانہ، دفاع، خارجہ کے وفاقی وزرا اور وزیر مملکت برائے داخلہ بھی شریک ہوئے۔