دنیا کی 69 نوبل انعام یافتہ شخصیات نے مودی اور عمران خان کو لکھا خط، دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی ختم کرنے کا مطالبہ

ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدہ ماحول

ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی اور پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کو دنیا بھر کے 59 نوبل انعام یافتہ شخصیتوں نے خط لکھ کر دونوں ممالک کے درمیان بڑھ رہی کشیدگی کو ختم کرنے کی گزارش کی ہے۔ نوبل انعام یافتہ کیلاش ستیارتھی کے ذریعہ تیار کردہ اسٹیج ’لاریٹس اینڈ لیڈرس فار چلڈرن‘ کے تحت 59 نوبل انعام یافتگان کے دستخط والا خط اتوار کو اقوام متحدہ میں ہندوستان اور پاکستان کے مستقل نمائندوں کو سونپا گیا۔

ایک بیان کے مطابق خط میں کہا گیا ہے کہ ’’ہمارے بچوں کی بھلائی کے لیے ہم ’لاریٹس اینڈ لیڈرس فار چلڈرن‘ کے تحت ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی اور پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان سے موجودہ کشیدگی کو جنگ میں بدلنے سے روکنے کے لیے عقلمند قیادت کی مثال پیش کرنے اور فوری مثبت قدم اٹھانے کی اپیل کرتے ہیں۔‘‘ خط میں آگے کہا گیا ہے کہ ’’مہذب دنیا میں تشدد، شورش پسندی اور دہشت گردی کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔ اس وبا کو ٹھوس اور طے مدتی کارروائی کے ذریعہ جڑ سے اکھاڑنے کی ضرورت ہے۔ ہم بار بار دہراتے ہیں کہ بچے کبھی جنگ شروع نہیں کرتے، لیکن اس کا سب سے برا اثر انھیں پر ہوتا ہے۔ اس لیے ہم نے دونوں وزرائے اعظم، دونوں ممالک کے سرکردہ اداروں، نوجوانوں اور شہریوں سے علاقے میں امن قائم کرنے کے لیے ساتھ مل کر سرگرم ہونے کی اپیل کرتے ہیں۔ ‘‘

خط پر دستخط کرنے والے نوبل انعام یافتگان میں ملالہ یوسف زئی، لیما گبووی، شیرین عبادی، توکل کامران، محمد یونس، جوس راموس-ہورٹا، ایڈورڈ انگزالڈ موجر اور مے-برٹ موس جیسے کئی معروف نام شامل ہیں۔