تلاوت کلام اللہ سے نیوزی لینڈ پارلیمنٹ سیشن کا آغاز

نیوزی لینڈ پارلیمنٹ کا اجلاس کرائسٹ چرچ دہشت گردی کے تناظر میں تلاوت کلام پاک سے ہوا جبکہ وزیراعظم جیسنڈا آرڈن نے اپنے خطاب کی ابتدا بھی ’ السلام علیکم ‘ کہہ کر کی۔ سانحہ کرائسٹ چرچ کے بعد نیوزی لینڈ کی پارلیمنٹ کے پہلے اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا۔

وزیراعظم نیوزی لینڈ جیسنڈا آرڈن نے اپنی تقریر کا آغاز السلام علیکم سے کرتے ہوئے سانحہ کے متاثرین سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ کرائسٹ چرچ مساجد میں موجود مسلمانوں کو دہشت گرد سے بچاتے ہوئے اپنی جان قربان کرکے جرأت اور بہادری کی مثال بننے والے شہید پاکستانی نعیم راشد کو وزیراعظم نیوزی لینڈ نے خراجِ عقیدت پیش کیا جب کہ اپوزیشن اور حکومتی ارکان نے متاثرین کے سوگ میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔

https://www.facebook.com/1715704431997482/posts/2349715178596401/

وزیراعظم نیوزی لینڈ جیسنڈا آرڈن نے پارلیمنٹ کے خصوصی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حملہ کرنے والے شخص کے خلاف قانون کے تحت کارروائی ہوگی، حملہ آور دہشت گرد، مجرم اور انتہا پسند ہے، آپ مجھے اس کا نام لیتے ہوئے نہیں سنیں گے۔ لواحقین جنازے جہاں بھی لے جانا چاہیں اخراجات حکومت ادا کرے گی، دہشت گردانہ حملے کی تہہ تک پہنچنے کی کوشش کریں گے جب کہ ملک میں ہائی الرٹ برقرار ہے۔

واضح رہے کہ 15 مارچ کو نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی دومساجد میں سفید فام عیسائی دہشت گرد نے نماز جمعہ کے دوران فائرنگ کرکے 50 مسلمانوں کو شہید کردیا تھا۔