برطانیہ میں مساجد کے تحفظ کے فنڈ میں دوگنا اضافہ 

لندن : نیوزی لینڈ کی دو مساجد میں گذشتہ جمعہ کو دہشت گرد حملہ میں ۵۰؍ مصلیوں کی شہادت کے پس منظر میں برطانیہ کی حکومت نے تمام طبقات کو تحفظ کا یقین دلانے کے اقدام کے طور پر ملک بھر میں مساجد اور دیگر تمام عبادت گاہوں کے حفاظتی فنڈ کو 1.6ملین پاؤنڈ فراہم کرتے ہوئے مستحکم بنانے کا اعلان کیا ہے۔ برطانیہ میں نفرت پر مبنی جرائم سے نمٹنے کے حکومت کے اقدام اور منصوبہ کے ایک حصہ کے طور پر 2016ء میں عبادت گاہوں کے تحفظ کا فنڈ قائم کیا گیا تھا ۔ اس فنڈ کے ذریعہ عبادت گاہوں کی شخصی نگرانی ، حصار بندی، روشنی کی فراہمی اور اطراف سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب عمل لائی جائے گی ۔

تاہم مندروں،گردواروں، یہودی عبادت گاہوں اور عبادت کے دیگر مقامات کے تحفظ و سلامتی کے لئے بھی فنڈس فراہم کئے جائیں گے۔ برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید نے کہا کہ نیوزی لینڈ میں ہولناک واقعات اور عبادت کی آزادی و رواداری کے اقدار پر راست حملے نے ہم سب کو متحد کردیا ہے ۔

ساجد جاوید نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ مسلم قومیں خود کو غیر محفوظ محسوس کررہی ہے اور پریشان اور بے چین ہیں لیکن انہیں یہ جان کر خود کو محفوظ سمجھنا چاہئے کہ نفرت و انتہا پسندی سے نمٹنے کیلئے ہم سب ممکنہ اقداما ت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ ہم آئندہ سال سے عبادت گاہوں کی حفاظت کے فنڈ میں دوگنا اضافہ کررہے ہیں تاکہ نہ صرف عبادت گاہوں کی شخصی حفاظت کی جائے بلکہ انہیں ذہنی سکون بھی فراہم کیا جائے ۔