حملہ آور ساری عمر تنہا جیل میں سڑے گا، ترکی کی درخواست پر او آئی سی کے ہنگامی اجلاس میں نائب وزیراعظم نیوزی لینڈ کا بیان 

استنبول: او آئی سی کے اجلاس میں مسلم ممالک اور نیوزی لینڈ کے وزرائے خارجہ نے دہشت گردی کی مذمت کی اور شہداء کو خراج تحسین پیش کیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکی کی درخواست پر آج او آئی سی کا ہنگامی اجلاس استنبول میں ہوا جہاں نیوزی لینڈ کے وزیر خارجہ نے اپنے خطاب کا آغاز السلام علیکم سے کرتے ہوئے کہا کہ مساجد پر حملہ کرنے والے دہشت گرد کو ساری عمر جیل کی سلاخوں کے پیچھے قید تنہائی میں سڑنا ہوگا۔

اس موقع پر میزبان ملک ترکی کے وزیر خارجہ میولت چاوش اوغلو کا کہنا تھا کہ نفرت آمیز تقاریر، تشدد اور دہشت گردی کے خلاف ہم سب متحد ہیں اور اصولوں کی بنیاد پر ہمیں اپنے عمل اور کردار سے یہ ثابت بھی کرنا ہوگا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے او آئی سی کا ہنگامی اجلاس بلانے پر ترکی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ نیوزی لینڈ مغرب میں فروغ پاتے اسلامو فوبیا لہر کی غماز ہے جس کے خلاف متحدہ محاذ تشکیل دینے کی ضرورت ہے۔

او آئی سی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف بن احمد العثیمیں نے کہا کہ دہشت گرد کا کوئی مذہب، فرقہ، رنگ یا نسل نہیں، یہ صرف امن کے دشمن دہشت گرد ہوتے ہیں جنہیں دنیا صرف مشترکہ حکمت عملی کے ساتھ شکست فاش دے سکتی ہے۔