اورنگ آباد: (ملت ٹائمز) مہاراشٹر میں کانگریس کے امیدواروں کی فہرست جاری ہوتے ہی کئی رہنما ناراض نظر آ رہے ہیں۔
کانگریس کے سلوڑ سے رکن اسمبلی عبدالستار نے اورنگ آباد پارلیمانی حلقے سے آزاد امیدوار کے طور پر انتخاب لڑنے کا اعلان کیا ہے۔ عبدالستار، رکن اسمبلیان کا کہنا ہے کہ وہ 30 برس سے کانگریس میں بے لوث خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اس بار انہیں امید تھی کہ پارٹی کی جانب سے انہیں لوک سبھا کے انتخابات میں امیدوار بنایا جائے گا۔اس تعلق سے باضابطہ ضلع کمیٹی کی جانب سے امیدواروں کی فہرست بھی بھیجی گئی تھی لیکن پارٹی کی جانب سے جو فہرست جاری کی گئی ہے، اسے دیکھ کر انہیں مایوسی ہوئی ہے۔ عبدالستار نے کہا کہ نہ وہ پارٹی سے ناراض ہے اور نہ ہی کسی رہنما سے انہیں کوئی شکایت ہے۔ تاہم اپنے حامیوں کی خواہش کا احترام کرتے ہوئے وہ لوگ سبھا انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔عبدالستار نے پارٹی کی ابتدائی رکنیت اور رکن اسمبلی کے عہدے سے استعفیٰ دینے کی بات بھی کہی ہے۔ عبدالستار نے بتایا کہ انہوں نے اپنا استعفیٰ ریاستی صدر کو روانہ کر دیا ہے۔