محبوبہ مفتی نے کہا کہ کشمیر فلسطین نہیں ہے، کشمیریوں کو اپنی سڑکوں پر چلنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔
سری نگر: (یو این آئی) پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے کہا کہ ان کی جماعت سری نگر جموں قومی شاہراہ پر سویلین ٹریفک کی پابندی سے متعلق سرکاری حکم نامے کے خلاف عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر فلسطین نہیں ہے، کشمیریوں کو اپنی سڑکوں پر چلنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔
مفتی جنہوں نے اتوار کے روز سری نگر کے مضافات میں اپنی گاڑیوں کا قافلہ دوڑاکر سرکاری حکم نامے کی خلاف ورزی کی، نے نامہ نگاروں کو بتایا ‘یہ بہت غلط ہے۔ یہاں کوئی قابض فورس تو نہیں ہے۔ اگر حکومت ہندوستان سوچتی ہے کہ ایسا کرکے وہ یہاں کے لوگوں کو دبائے گی تو ہم اس کی اجازت نہیں دیں گے’۔
انہوں نے کہا ‘ہم آج اس پابندی کی خلاف ورزی کرنے کے لئے سڑکوں پر آئے ہیں۔ ہم اس حکم نامے کے خلاف کل عدالت میں درخواست جمع کریں گے۔ یہ نہیں چلے گا، کشمیر کشمیریوں کا ہے۔ اپنی ہی سڑکوں پر چلنے کے لئے کشمیریوں کو اجازت لینی پڑے ہم یہ ہونے نہیں دیں گے۔ میں تمام لوگوں سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ اس پابندی کی خلاف ورزی کریں۔ جہاں جانا ہے وہاں جائیں۔ میں نے دیکھا کہ بچے پیدل چل رہے تھے’۔
مفتی نے کہا کہ کشمیریوں کو اپنی سڑکوں پر چلنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ ان کا کہنا تھا ‘ہم حکومت ہندوستان سے کہنا چاہتے ہیں کہ آپ اس طرح کشمیریوں کو نہیں دبا سکتے۔ یہ ہماری ریاست ہے، یہ سڑکیں ہماری ہیں۔ ہمارا حق ہے کہ جب ہمیں چاہیں اپنی سڑکوں پر چل سکتے ہیں’۔
پی ڈی پی صدر نے کہا کہ کشمیر فلسطین نہیں ہے جہاں کہیں بھی جانے سے پہلے اجازت حاصل کرنی پڑے۔ ان کا کہنا تھا ‘یہاں رہنے والے لوگوں کو آپ دلی سے حکم دیتے ہیں کہ آپ کس دن اپنی سڑک پر چلو گے اور کس دن نہیں چلو گے۔ ہمارے بچوں کو امتحانات میں بیٹھنا ہے۔ انہیں ٹیوشن سنٹر جانا ہوتا ہے۔ انہیں مجبوراً پیدل چلنا پڑتا ہے۔ کیا یہ فلسطین ہے جہاں اسرائیل کے لوگ ان سے کہتے ہیں کہ آپ کو کب کہاں جانا ہے۔ یہ تاناشی نہیں چلے گی’۔
انہوں نے کہا ‘یہ کشمیریوں کو دبانے کا ایک حربہ ہے۔ آج کشمیر کے نام پر پورے ملک میں ووٹ مانگے جاتے ہیں۔ کشمیر کے لوگ یہ سب برداشت نہیں کریں گے’۔ واضح رہے کہ ریاست کی گورنر انتظامیہ نے 3 اپریل کو ایک حکم نامہ جاری کیا جس میں کہا گیا کہ پارلیمانی انتخابات کے دوران قومی شاہراہ پر سیکورٹی فورسز کی وسیع پیمانے پر نقل و حمل اور سیکورٹی فورسز کے قافلوں پر کسی بھی ممکنہ جنگجویانہ حملے کو مد نظر رکھتے ہوئے ہفتے کے دو دن اتوار اور بدھوار شاہراہ پر صبح چار بجے سے شام پانچ بجے تک سویلین ٹریفک کو چلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔