مقبوضہ بیت المقدس 12اپریل ( آئی این ایس انڈیا )
قابض صہیونی وزیر زراعت اور انتہا پسند سیاست دان اوری ارئیل کی قیادت میں گذشتہ روز درجنوں یہودی آباد کار مسجد اقصیٰ میں داخل ہوئے اور مقدس مقام کی بے حرمتی کی۔ اسرائیلی پولیس کی اسپیشل یونٹ کے اہلکاروں کی طرف سے یہودی آبادکاروں کو فول پروف سیکیورٹی مہیا کی گئی تھی۔مقامی فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ انتہا پسند یہودی لیڈر ارئیل نے اپنے ساتھ آنے والے آباد کاروں کو مسجد اقصیٰ میں مزعومہ ہیکل سلیمانی کےبارے میں بریفنگ بھی دی۔ اس کے بعد یہودی آباد کاروں نے باب السلسلہ کو باہر نکلنے کے لیے استعمال کیا اور وہاں پر بھی اشتعال انگیز حرکات کی گئیں۔خیال رہے کہ مسجد اقصیٰ میں یہودی آباد کاروں کے اشتعال انگیز دھاوے روز کا معمول بن چکے ہیں اور آئے روز اسرائیلی فوج اور پولیس کی فول پروف سیکیورٹی میں یہودی آباد کار قبلہ اول میں گھس کر مقدس مقام کی بے حرمتی کرتے ہیں۔