قدرتی وسائل کا تحفظ انسانیت کے باہمی اتحاد سے ہی ممکن ہے: ایردوان

(انقرہ (ایم این این )
ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ سمندروں ، اوقیانوسوں، زیر زمین آبی ذخائر اور سطح زمین کے آبی وسائل کے تحفظ، زمین کے بنجر پن اور گلوبل وارمننگ جیسے مسائل کا حل تمام انسانیت کے باہمی تعاون سے ہی ممکن ہو سکے گا۔بنجر پن کے خلاف جدوجہد کے عالمی دن کی مناسبت سے انقرہ چیمبر آف کامرس ‘کانگریسیم ‘ میں منعقدہ تقریب میں صدر ایردوان نے اہم پیغامات دئیے۔
انہوں نے کہا ہے کہ اس وقت دنیا کو ماحولیاتی تبدیلیوں، خشک سالیوں، بنجر پن، نباتاتی تنوع میں کمی اور بعض جانداروں کی نسل کے خاتمے جیسے سنجیدہ سطح کے مسائل کا سامنا ہے اور ان مسائل کے حل کے لئے پوری انسانیت کا باہم متحدہ ہونا ضروری ہے۔
انہوں نے ترکی کے ارضیاتی تنوع اور طبعیاتی دولت سے مالا مال ہونے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں ورثے میں ملنے والی اس دولت کی قدر کرنے اور اسے مزید اضافے کے ساتھ آنے والی نسلوں کو منتقل کرنے کے لئے ہم پوری طاقت سے کام کریں گے۔
وزیر زراعت و جنگلات بکر پاک دیمیر لی نے بھی تقریب سے خطاب میں کہا ہے کہ زمین کے بنجر پن میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے اور یہ ایک ایسا خطرہ ہے جو بڑی بڑی جنگوں سے زیادہ تباہ کن ہے۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گٹرس نے بھی اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ زمین کے تحفظ، بنجر زمین کے علاج اور اس کے بہتر استعمال سے جبری ہجرت کم ہو سکتی ہے، خوراک کے تحفظ میں اضافہ ہو سکتا ہے اور ہم اقتصادی بڑھوتی کی حوصلہ افزائی کر سکتے ہیں۔