چندریان -2 کا تجربہ کامیاب : پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں نے اسرو کے سائنسدانوں کو مبارکباد پیش کی

نئی دہلی 22 جولائی (آئی این ایس انڈیا)
پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں نے پیر کو ملک کے دوسرے قمری مشن چندریان -2 کے کامیاب آغاز پر متعلقہ سائنسدانوں اور منصوبے سے وابستہ لوگوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ پورے ملک کے لئے فخر کا لمحہ ہے۔ چندریان -2 کا پیر کو ستیش دھون خلائی مرکز سے کامیاب آغاز کیا گیا۔ اس کامیاب آغاز کے کچھ دیر بعد ہی لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے کہا کہ اسرو کے سائنسدانوں نے چندریان -2 کا کامیابی پروجیکشن کیا ہے، یہ ملک کے لئے شاندار لمحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس آغاز کے ساتھ ہی مریخ میں بھارت کی طاقت اور صلاحیت کا بخوبی اندازہ ہوتا ہے ۔ برلا نے کہا کہ یہ اسرو کے سائنسدانوں کی انتھک کوششوں اور وزیر اعظم کی قیادت میں ممکن ہوا ہے، ہم سائنسدانوں کو مبارکباد دیتے ہیں، اس پر ارکان نے میزیں تھپتھپا کر اس کامیابی کے لئے سائنسدانوں کی تعریف کی۔ اپوزیشن کے کچھ ارکان نے کہا کہ یہ سائنسدانوں کی کامیابی ہے، اس میں وزیر اعظم کا نام کیوں لیا جائے؟ ادھر، راجیہ سبھا کے چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو نے بھی ایوانِ بالا میں اس کامیابی کا ذکر کیا۔ انہوں نے اس کامیابی کے لئے ملک کے سائنسدانوں، اسرو کے ملازمین اور خلا ئی محکمہ کو مبارک باد دی۔ نائیڈو نے کہا کہ چندریان -2 مکمل طور پر بھارت میں ڈیزائننگ اور تیار کیا گیا ہے اور اس وجہ سائنسداں خصوصی ستائش کے مستحق ہیں۔