جامعہ ملیہ اسلامیہ، شعبہ معاشیات کے طلباء نے کی تاریخ رقم 

 یو جی سی نیٹ / جے آر ایف کے امتحان میں تقریباً سبھی ہوئے کامیاب 

جامعہ ملیہ اسلامیہ یونیورسٹی، نئی دہلی شعبہ معاشیات پی جی کے طلباء نے امسال یو جی سی نیٹ / جے آر ایف امتحان میں کامیابی حاصل کرکے تاریخ رقم کی ہے۔ مذکورہ امتحان میں شامل 32 طلبا میں سے 22 نے کامیابی حاصل کی جن میں 19 قومی اہلیتی امتحان برائے لیکچرشپ (نیٹ) اور 3 جونیئر ریسرچ فیلوشپ (جے آر ایف) میں کامیاب ہوئے۔

 یہ پہلی بار ہوا ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں کسی ایک ادارہ کے ایک شعبہ کے طلباء نے کامیابی حاصل کی ہے۔

نیٹ میں کامیاب ہونے والے طلباء کے نام مندرجہ یل ہیں:

 1) آرزو پہوا 2) اطہر حسن ڈار 3) امان تریپتی 4) فاطمہ بانو 5) ہلال احمد ملک 6) معین سید ڈار 7) مردانی کرشن 8) نیہا ناروال 9) اویس نذیر بھٹ 10) ریتوکہ پٹگیری 11) شاہد مجید ڈار 12) شیکھاسو روپ 13) شبھم ورما 14) شمائلہ 15) تبسم انصاری 16) طوبیٰ الیاس 17) طوُبیٰ کمال 18) ظفر اقبال 19) عمر فاروق۔

جے آر ایف حاصل کرنے والے طلباء کے نام یہ ہیں:

1) انکیتا گپتا 2) اویس ابن حسن 3) محمد ابرار خان

پروفیسر حلیمہ سعدیہ رضوی،صدر، شعبہ معاشیات، جامعہ ملیہ اسلامیہ نے کہا کہ نیٹ امتحان میں اتنی بڑی تعداد میں طلبہ کی تاریخی کامیابی ان کی لگن، محنت، تگ و دو اور تعلیم کے تئیں سنجیدگی کا نتیجہ ہے،جس میں اساتذہ کے خلوص اور محبت کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ہے۔ انھوں نے کہا جامعہ کا شعبہ معاشیات ملک کے بہترین مراکز میں سے ایک ہے جو اپنی عمدہ کارکردگی کی وجہ سے ایک حیثیت رکھتا ہے۔

 شعبہ کے ایسوسی ایٹ پروفیسر اور پلیسمنٹ کوآرڈینیٹر ڈاکٹر اشرف الیاس نے زور دے کر کہا کہ ہمارے کورسز کسی بھی اعلیٰ سطح کے مراکز کے ساتھ کھڑے ہونے کے قابل ہیں۔ کورسز کو مستقل اپ ڈیٹ کیا جاتا ہے اور اس میں عہد بعہد تبدیلیوں اور جدید تحقیقات پر خاص نظر رکھی جاتی ہے تاکہ طلباء کو مناسب تعلیمی ماحول کے ساتھ ساتھ کارپوریٹ رجحانات بھی حاصل ہوں۔ کارپوریٹ سیکٹر کے ذریعہ کیمپس پلیسمنٹ کے ذریعے بھی شعبہ کے بہت سارے طلباء ملازمت کے حصول میں کامیاب ہوتے ہیں۔انھوں نے کہا شعبہ کے تمام کامیاب ہونے والے طلباء اور اساتذہ اس موقع پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔