سیلاب متاثرین کی باز آباد کاری کیلئے جمعیۃ علماء شمال مغربی زون، ممبئی سے 27 لاکھ روپئے کی امداد




ممبئی: پچھلے ماہ علاقہ مغربی مہاراشٹر کے اضلاع کولہا پور، سانگلی،ستارا اور کراڈ میں سیلاب سے مچی بھاری تباہی سے متاثرلوگوں کی عبوری راحت رسانی اور امداد کے سلسلہ کو جاری رکھتے ہوئے جمعیۃعلماء مہاراشٹر (ارشد مدنی) کا اگلا قدم ان متاثرین کی باز آباد کاری ہے، اس کے لئے جمعیۃعلماء کی دو ٹیم مستقل طور پر متاثرہ علاقوں میں سروے کر رہی ہے۔ سروے رپورٹ آنے کے بعد جمعیۃعلماء مہاراشٹر مکانات کی تعمیر کا کام شروع کر دے گی۔ ان خیالات کا اظہار مولانا مستقیم احسن اعظمی صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر نے ممبئی کے شمال مغربی زون سے آنے والے وفد کے سامنے کیا۔

مولانا محمد اسلم قاسمی صدر جمعیۃ علماء شمال مغربی زون کی قیادت میں 10/رکنی وفد نے مغربی مہاراشٹر کے ضلع کولہا پور اور سانگلی کے سیلاب متاثرین کی باز آباد کاری کی مد میں زون کی مقامی یونٹوں (ملاڈ ایسٹ پٹھان واڑی سے 12,18,920/-روپیہ، جوگیشوری و گورے گاؤں یونٹ سے 12,22,563/- روپیہ، کاندیولی سے 29,550/- موگرا پاڑہ، اندھیری ویسٹ سے 1,09,210/- ارلا جامع مسجد اندھیری ایسٹ سے 1,01,000/-روپیہ) مجموعی رقم مبلغ چھبیس لاکھ اکیاسی ہزار دو سو ترالیس (26,81,243/-) روپیہ دفتر جمعیۃ علماء مہاراشٹر واقع امام باڑہ،ممبئی میں مولانا مستقیم احسن اعظمی صدر جمعیۃعلماء مہاراشٹر، مولانا حلیم اللہ قاسمی جنرل سکریٹری اور گلزار احمد اعظمی سکریٹری قانونی امداد کمیٹی کے حوالہ کیا۔

جمعیۃعلماء کے ریاستی دفتر میں ذمہ داران سے گفتگو کے دوران مولانا محمد اسلم القاسمی نے بتایا کہ گزشتہ ماہ ہمارے احباب دوٹرک ریلیف کا سامان لے کر متاثرہ علاقوں میں گئے اور اپنے ہاتھوں سے تقسیم کیا۔ہم نے اپنی آنکھوں سے وہاں کی تباہی،لوگوں کی بے کسی اور بے بسی کو دیکھا۔ یقیناً وہ بہت ہی دردناک منظر تھا، جو ابھی بھی ہماری نظروں کے سامنے ہے۔

مفتی محمد افضل حسین قاسمی خازن جمعیۃ علماء شمال مغربی زون نے کہا کہ اتنی خطیر رقم جمع کرنا یہ اصلاً ہمارے بس میں نہیں تھا،یہ جمعیۃ علماء کے کارہائے نمایاں، عوام الناس کواس پر اعتماد، ذمہ داران جمعیۃ کی خصوصی توجہات اور اللہ کے فضل کا نتیجہ ہے،کیونکہ اس کی اساس خدمت خلق پر ہے۔

اخیر میں مولانا محمد اسلم القاسمی صدر جمعیۃعلماء شمال مغربی زون نے یونٹ کے تمام ذمہ داران و اراکین اور مخیر احباب کا شکریہ ادا کیا۔

جمعیۃعلماء شمال مغربی زون کے اس وفد میں مولانا محمد اسلم قاسمی صدر، مولانا محمد احمد نائب صدروسابق امام نورانی مسجد پٹھان واڑی،ملاڈ ممبئی،مفتی محمد افضل حسین قاسمی خازن و امام و خطیب صدیقیہ مسجد جوگیشوری، قاری محمد عرفان گورے گاؤں، قاری محمد فرقان موگرا پاڑہ، اندھیری ویسٹ،حافظ محمد توصیف، عمران بھائی مکھی، پٹھان واڑی ملاڈ، قاری محمد شمیم،شیخ محمد حسین اور شیخ محمد انور عرف انو بھائی وغیرہ شامل تھے۔

Comments

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *