لکھنو: بابری مسجد حق ملکیت مقدمہ میں جاری سماعت ،یونیفارم سول کوڈ اور طلاق ثلاثہ قانون سمیت کئی اہم مسائل پر آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ نے مجلس عاملہ کا ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے ، 12 اکتوبر کو دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنو میں منعقد ہونے والا یہ اجلاس مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر حضرت مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی مد ظلہ العالی کے مشورے سے طلب کیا گیا ہے ۔
مسلم پرسنل لابورڑ کے جنرل سکریٹری مولانا محمد ولی رحمانی کی جانب سے تمام اراکین کو مجلس عاملہ میں مدعو کیا گیا ہے ، ذرائع کے مطابق اس اہم اجلاس میں اکثراراکین نے شرکت کی منظوری دے دی ہے ، مولانا ولی رحمانی کی جانب سے اراکین کو بھیجے گئے ایجنڈے میں کہا گیا ہے کہ ملک کے موجودہ حالات کے تناظر میں لکھنو کی مجلس عاملہ کا یہ اجلاس انتہائی اہم اور دوررس نتائج کا حامل ہے ، اسلئے آپ سے میری مخلصانہ درخواست ہے کہ اس اجلاس کی اہمیت کے پیش نظر ضرور شرکت فرمائیں ۔
مسلم پرسنل لابورڈ کے ایجنڈے کے مطابق تلاوت قران کریم سے مجلس عاملہ کی میٹنگ کا آغاز ہوگا ، اس کے بعد سابقہ کارروائی کی توثیق کی جائے گی ، اس کے فور بعد بابری مسجد ، رام جنم بھومی حق ملکیت معاملے پر سپریم کورٹ میں جاری مقدمہ کی صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا ، اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔
بابری مسجد مقدمے کے بعد مقدمہ یونیفارم سول کوڈ پر تبادلہ خیال کیاجائے گا اور اس سے متعلق آئندہ کی حکمت عملی پر بات چیت کی جائے گی ، اس کے ساتھ ہی طلاق ثلاثہ قانون کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کے سلسلے میں غور کیا جائے گا، طلاق ثلاثہ کے بعد ملک کی مختلف عدالتوں میں مسلم پرسنل لا بورڈ سے متعلق مقدمات کا جائزہ لیاجائے گا ، اور آئندہ کے لئے لائحہ عمل مرتب کیاجائے گا ۔
اس ہنگامی اور اہم اجلاس و میں دارالقضا کے اصول ضوابط پر بھی غور کیا جائے گا ، مذکورہ بالامسائل کے ساتھ ساتھ کچھ اور اہم مسائل پر صدر محترم کی اجازت سے غور کیا جا سکتا ہے ، حالانکہ مسلم پرسنل لابورڈ کے ایجنڈے میں کہیں بھی اس بات کا ذکر نہیں کیا گیاہے کہ ان کی مجلس عاملہ کی میٹنگ میں بابری مسجد کے معاملے میں مصالحت کی بات چیت کی جائے گی تاہم بحث کے اختتام سے قبل مسلم پرسنل لابورڈ نے جس ہنگامی طور پر مجلس عاملہ کا اجلاس طلب کیا ہے اور تمام اراکین سے شرکت کی درخواست کی ہے اس سے اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ مسلم پرسنل لا بورڈ اس موضوع پر بھی بات کر سکتا ہے ۔

Leave a Reply