مہاراشٹرا میں مجلس اتحاد المسلمین کے دو امیدواروں کو ملی کامیابی ۔2014 کی جیتی ہوئی دونوں سیٹوں پر شکست کا سامنا

ممبئی (ملت ٹائمز)
آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کو مہاراشٹراکے حالیہ اسمبلی انتخابات میں امید کے مطابق کامیابی نہیں مل پائی ہے اور پارٹی صرف دوسیٹوں پر محدود ہوگئی ہے ۔ تعجب خیز بات یہ ہے کہ بائی کلا سے ایم آئی ایم کے سابق ایم ایل اے وارث پٹھان کو ہار کا سامنا کرناپڑا ہے اسی طرح اورنگ آباد میں امتیاز جلیل کے حلقہ انتخاب میں بھی پارٹی اپنی جیت برقرار نہیں رکھ سکی ہے ۔
مجلس اتحاد المسلمین کے امیدوار مولانا مفتی اسماعیل قاسمی نے مالیگاﺅں سینٹرل کی سیٹ پر جیت حاصل کی ہے جبکہ دھولیہ سٹی کی سیٹ پر مجلس کے امیدوار شاہ فاروق انور جیت حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں ۔ مجلس کے امیدوار اخیر وقت تک اورنگ آباد میں دو سیٹوں پر سبقت بنائے ہوئے تھے لیکن اخیر وقت میں شیو سینا کے امیدوار وہاں آگے نکل گئے ۔
آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین پہلی مربتہ 2014 میں مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات لڑی تھی جس میں اسے دو سیٹوں پر کامیابی ملی تھی اور اب حالیہ انتخاب میں بھی پارٹی صرف دوسیٹ پر جیت سکی ہے ۔ قابل ذکر یہ ہے کہ 2014 کی جیتی ہوئی دونوں سیٹوں پر پارٹی کو شکست کا سامنا کرناپڑا ہے ۔
مجلس کیلئے ایک اچھی خبر یہ ہے کہ بہار کے کشن گنج میں پارٹی کا کھاتا کھل گیا ہے اور وہاں ضمنی انتخابات کے دور ا ن مجلس اتحاد المسلمین نے کے امیدوار قمر الہدی نے 10 ہزار ووٹوں سے جیت حاصل کرکے پارٹی کی جیت کا آغاز کردیاہے ۔