ممبئی(آئی این ایس انڈیا)
شہریت ترمیمی ایکٹ (CAA) اور قومی شہریت رجسٹر (NRC) خلاف مسلم تنظیموں سمیت تمام مذاہب کے لوگوں کے مظاہرے ملک بھر میں مسلسل جاری ہیں۔ اس ضمن میںجماعت اسلامی ہند ممبئی میں سی اے اے اوراین آرسی کے خلاف ہفتہ کو ایک پروگرام کرنے جا رہی ہے، جس میں شیوسینا لیڈر اور ممبر پارلیمنٹ سنجے راوت بھی شامل ہوں گے۔جماعت اسلامی ہند ممبئی، مراٹھی صحافی یونین اور ایسوسی ایشن آف پروٹیکشن آف سول رائٹس مل کر یہ پروگرام کررہے ہیں۔جماعت اسلامی ہند کے ممبئی صدر نے بتایا کہ سامنا کے مدیر اور شیوسینا لیڈر سنجے راوت نے سی اے اے اوراین آرسی کے خلاف ہونے والے پروگرام میں شامل ہونے کے لیے دعوت کو قبول کیا ہے اور انہوں نے کنفرم بھی کر دیاہے۔سنجے راوت کے علاوہ بمبئی ہائی کورٹ کے سابق جسٹس ولسے پاٹل، سینئر وکیل مہر دیسائی اور سینئر وکیل یوسف مچھالا بھی اس بحث میں اپنی بات رکھیں گے۔جماعت اسلامی ہند ممبئی، مراٹھی صحافی یونین اور ایسوسی ایشن آف پروٹیکشن آف سول رائٹس کا مشترکہ پروگرام ممبئی اسٹیشن کے قریب پریس بھون میں ہفتے کی شام کو رکھا گیا ہے۔شیوسینا کے سنجے راوت پراس پروگرام میں شامل ہونے کولے کر سب کی نگاہیں ہیں کہ وہ کیا بات رکھتے ہیں؟






