نئی دہلی(آئی این ایس انڈیا)
تنخواہ ترمیمی مذاکرات ناکام ہونے کے بعد انڈین بینک ایسوسی ایشن نے اس ماہ میں دوسری بار بینک ہڑتال کااعلان کیاہے۔آئی بی اے کی جانب سے 31 جنوری اور یکم فروری کو بینک ہڑتال کا اعلان کیاگیاہے۔اس سے پہلے 8 جنوری کوبھارت بند میں بھی 6 بینک ملازم یونین شامل ہوئے تھے۔اس دن زیادہ تر بینک بند رہے تھے اور جو کھلے بھی تھے اس کے کام کاج پر کافی اثرپڑاتھا۔یکم فروری کو وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن بجٹ پیش کریں گی۔اس سے ٹھیک ایک دن پہلے 31 جنوری کواقتصادی سروے رپورٹ پیش کی جائے گی۔ بجٹ کو لے کر تیاری آخری مرحلے میں ہے اور حکومت کے سامنے سستی کے مسئلے سے نمٹنا سب سے بڑاچیلنج ہے۔بتا دیں کہ 2 فروری کو اتوار ہے اور بینک بند رہیں گے۔ہڑتال کی وجہ سے مسلسل تین دن کے لیے بینک بند ہونے سے عام لوگوں کو بھاری پریشانی سے گزرناہوگا۔بینک بند رہنے پر اے ٹی ایم میں کیش کی بھی قلت ہو گی۔






