نئی دہلی(آئی این ایس انڈیا)
سی بی آئی نے بی ایس ایف کانسٹےبل تقرری امتحان میں اواےم آر جوابی پرچے کی تشخیص میں مبینہ دھاندلی کے سلسلے میں دہلی۔این سی آر میں ہفتہ کو چھاپے مارے۔حکام نے بتایا کہ یہ چھاپے دہلی، غازی آباد اور گروگرام میں مارے گئے۔انہوں نے بتایا کہ ایجنسی کی جانب سے کیس کے سلسلے میں ایف آئی آر درج کرنے کے بعد یہ چھاپہ ماری کی گئی۔سی بی آئی نے غازی آباد کے مراد نگر کے باشندے روی کمار اور نئی دہلی کے پٹپڑگنج صنعتی علاقے کے سی ایس ڈاٹامےشن ریسرچ سروسز پرائیویٹ لمیٹڈ کے علاوہ کئی نامعلوم کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔حکام نے کہا کہ امتحان میں مبینہ بے ضابطگی کے سبب نااہل امیدواروں کو بی ایس ایف نے میڈیکل ٹیسٹ کے لئے بلایا۔انہوں نے بتایا کہ یہ بھی الزام ہے کہ بی ایس ایف میں کانسٹےبل (ٹرےڈسمےن) کے تحریری امتحان میں شامل ہونے کے لئے امیدواروں سے غیر قانونی طریقے سے پیسے لئے گئے۔انہوں نے کہا کہ بی ایس ایف کے کئی افسران کے ساتھ ہی نجی ادارے جانچ کے گھیرے میں ہے۔






