بلیریا گنج میں مظاہرین پرحملہ غیر جمہوری ۔ فاشسزم کے طریقے کو اپنا رہی ہے بی جے پی: مشاورت

نئی دہلی: (پریس ریلیز) آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت کے صدر جناب نوید حامد نے اتر پردیش خصوصاً بلریا گنج، اعظم گڑھ میں پولس کی طرف سے سی اے اے،این پی آر ،وغیرہ کے خلاف دھرنا،مظاہرے میں شامل افراد کے خلاف کارروائی کو غیر جمہوری قرار دیتے ہوئے،اس کی سخت مذمت کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ پورے ملک خصوصاًبی جے پی کے اقتدار والی ریاستوں میں خاص طرح کے فکر و عمل کو فروغ دینے اور اس کے لیے زور زبردستی اور فاشزم کے طریقے کو اپنایا جا رہا ہے۔اس سے امن و قانون کی بالاتری متاثر و بے معنی ہو کر رہ گئی ہے۔ صدر مشاورت نے مولانا طاہر مدنی کی گرفتاری پر سخت مذمت کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انھوں اس خدشے کا بھی اظہار کیا کہ جس طرح شدت وجارحیت اور گولی ،گالی اور اشتعال انگیزی کامظاہرہ اور اس کی حمایت کی جارہی ہے۔اس سے ملک انار کی اور خانہ جنگی کی طرف جاسکتا ہے۔ صدر مشاورت نے مرکزی و ریاستی سرکاروں سے جمہوری ا قدارکا لحاظ کرنے اور جارحانہ و جمود کا رویہ ترک کرنے کی اپیل کرتے ہوئے عوام کی مطالبات پر سنجیدہ توجہ دینے کا مطالبہ کیا ہے ۔