نئی دہلی: (پریس ریلیز) آل انڈیا ملی کونسل اور تعاون ٹرسٹ کے ایک مشترکہ وفد نے شمال مشرقی دہلی کے فسادزدہ علاقے کا دورہ کیا اور حالات جاننے کی کوشش کی وہاں کیا کیا نقصانات ہوئے ہیں۔ یہ وفد آل انڈیا ملی کونسل دہلی کے صدر ڈاکٹر پرویز میاں کی قیادت میں گیا تھا۔ و فد میں ملی کونسل کے محمد وسیم اور صفی اختر شامل تھے جبکہ تعاون ٹرسٹ سے مغیث احمد اور عطاء الرحمن شامل تھے۔
فسادہ زدہ علاقے کا دورہ کرنے کے بعد ڈاکٹر پرویز میاں نے بتایاکہ وہ گوکل پوری، چاند باغ، مصطفی آباد، بھجن پورہ، گونڈہ چوک، نور الہی، موج پور، چنڈو نگر جیسے علاقوں میں گئے۔ انہوں نے بتایاکہ دنگائیوں نے یکطرفہ طور پر مسلمانوں کے گھروں اور دکانوں کو آگ لگایاہے۔ لوٹ لیاہے اور سب کچھ برباد کیاہے۔ دنگائیوں نے 9 مساجد کو بھی آگ لگایاہے اور جلایاہے۔ کئی مساجد میں قرآن کریم کے نسخے جلائے گئے۔ مدرسہ کو بھی آگ لگایاگیاہے۔اس فساد میں جان اور مال کی تباہی اور بربادی کے ساتھ دینی شناخت اور مسجد ومدرسہ کو بھی آگ لگایاگیاہے جس کی مثال پہلے کم ملتی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ یہ حملہ مکمل منصوبہ بندی کے ساتھ کیاگیاتھا۔ حملہ آور تلوا ر،بندوق اور دیگر ہتھیار کے ساتھ آئے تھے۔ دنگائیوں کے ساتھ پولس بھی ملی ہوئی تھی۔ اگر پولس ایمانداری کے ساتھ اپنا کام انجام دیتی تو شاید دہلی میں اتنی تباہی نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہاکہ شیو وہار میں سب سے زیادہ نقصان ہواہے جہاں مسلمانوں کے مکانات ایک ایک کرکے لوٹ لئے گئے ہیں۔ وہ لوگ اپنے گھروں کو لوٹنا چاہتے ہیں لیکن خوف اور دہشت ابھی تک برقرار ہے جس کی وجہ سے وہ کیمپوں میں رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔
وفد میں شامل تعاون ٹرسٹ کے نمائندہ عطاء الرحمن بتایاکہ ہم نے پوری تفصیلات جان لی ہے اور اب ان تک ریلیف کا سامان پہونچانے اور باز آباد کاری کے بارے میں لائحہ عمل طے کریں گے۔انہوں نے بتایاکہ یہ وفد جی ٹی بی ہسپتال میں بھی گیا تھا جہاں ہسپتال کی ا نتظامیہ اور زخمیوں سے ملاقات ہوئی۔ ڈاکٹروں نے یقین دہانی کرائی کہ تمام زخمیوں کا علاج جاری ہے اور بہتر سے بہتر سہولیات دی جارہی ہے۔