کورونا: سعودی عرب عسکری اتحاد کی طرف سے جنگ بندی کے اعلان کا حوثی باغیوں نے خیر مقدم کیا

کورونا وائرس کی وبا کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظرسعودی عرب کی قیادت والے عسکری اتحاد کی طرف سے یمن میں جنگ بندی کے اعلان کا حوثی باغیوں نے خیر مقدم کیا ہے۔

اقوام متحدہ کی طرف سے جنگ بندی کی تجویز کے جواب میں سعودی قیادت والے عسکری اتحاد کی طرف سے یمن میں جنگ بندی کے اعلان کا حوثی باغیوں نے خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس کے عملی نفاذ کے منتظر ہیں۔
حوثی باغیوں کے رہنما محمد علی الحوثی نے جنگ بندی کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے اپنے ایک ٹوئٹ پیغام میں کہاہے کہ وہ جنگ بندی کے عملی طور پر نافذ کیے جانے کے منتظر ہیں۔
اس سے قبل سعودی عرب کی قیادت والے عسکری اتحاد نے کووڈ – انیس کی وبا کا مقابلہ کرنے کے لیے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کی طرف سے جنگ بندی کی اپیل کو تسلیم کرتے ہوئے یمنی حکومت کو اپنی حمایت جاری رکھنے کا اعلان کیا۔
اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیریش نے کووڈ – انیس کی وبا سے نمٹنے کے لیے پوری دنیا میں تمام جنگ زدہ علاقوں میں فوری طور جنگ بندی کی اپیل کی تھی اور یمن کی حکومت نے ان کی اس اپیل کو تسلیم کر لیا تھا۔ سعودی عرب کی قیادت والے فوجی اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وہ جنگ بندی اور کشیدگی کم کرنے کے حوالے سے اقوام متحدہ کی اپیل کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں انسانی بنیادوں اور معاشی سطح پر اعتمادی سازی کے اقدامات کے لیے جو کوششیں کی جارہی ہیں وہ اس کے بھی حامی ہیں۔