ریاض : سعودی عرب میں گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے سب سے زیادہ 1223 کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ مملکت میں اب اس مہلک وَبا کا شکار افراد کی تعداد 17522 ہوگئی ہے۔
سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے اتوار کو بتایا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کا شکار تین افراد کی وفات ہوئی ہے۔ ان میں ایک سعودی شہری ہے اور دو غیر سعودی ہیں۔ ان کی عمریں 39 اور 72 سال کے درمیان تھیں۔ سعودی عرب میں اب اس مہلک وائرس سے وفات پانے والوں کی تعداد 139 ہوگئی ہے۔
ترجمان نے بتایا ہے کہ مملکت میں کرونا وائرس کے کیسوں میں ابھی مزید اضافہ متوقع ہے کیونکہ مختلف طبی ٹیمیں ملک بھر میں لوگوں کے ٹیسٹ کررہی ہیں،اسی وجہ سے اب روزانہ زیادہ کیس سامنے آرہے ہیں اور ان کی بروقت تشخیص کے بعد علاج شروع کردیا جاتا ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹے میں 142 افراد علاج کے بعد صحت یاب ہوگئے ہیں اور اب تک تن درست ہونے والے افراد کی 2357 ہوگئی ہے۔
سعودی عرب نے رمضان المبارک کے آغاز کے بعد کرونا وائرس کے تعلق سے عاید کردہ کرفیو اور بعض دوسری پابندیوں میں نرمی کی ہے لیکن اس کے باوجود حکام نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ بلا ضرورت گھروں سے باہر نہیں نکلیں، چہرے پر ماسک پہن کر رکھیں ، جسمانی طور پر سماجی فاصلہ برقرار رکھیں اور عوامی مقامات پر اکٹھے ہونے سے گریز کریں۔
سعودی حکام نے گذشتہ ہفتے کرفیو کے اوقات پر نظرثانی کی تھی اور رمضان المبارک میں شہریوں کو صبح نو بجے سے شام پانچ بجے تک اشیائے ضروریہ کی خریداری ، طبی معائنے یا دوسرے ضروری کاموں کے لیے گھروں سے باہر جانے کی اجازت دے دی ہے۔
وزارت داخلہ نے گذشتہ منگل کے روز واضح کیا تھا کہ جن شہروں اور علاقوں میں 24 گھنٹے کا کرفیو نافذ نہیں، ان کے مکینوں کو رمضان المبارک میں صبح نو بجے سے شام پانچ بجے کے درمیان گھروں سے باہر جانے کی اجازت ہوگی۔
تاہم جن علاقوں میں مکمل لاک ڈاؤن نافذ ہے، ان کے مکینوں کو صبح نو سے شام پانچ بجے تک صرف اشیائے ضروریہ کی خریداری یا طبی معائنے کی غرض سے گھر سے باہر جانے کی اجازت ہوگی۔ ان علاقوں کے مکین صرف اپنے محلوں تک محدود رہیں گے اور ایک کار میں صرف دو افراد کو سوار ہونے کی اجازت ہوگی۔
سعودی حکومت نے 6 اپریل کو دارالحکومت الریاض سمیت پانچ شہروں تبوک ، الدمام ، ظہران ، الہفوف کے علاوہ چار گورنریوں جدہ ، طائف ، القطیف اور الخُبر میں دن رات کا کرفیو اور لاک ڈاؤن نافذ کیا تھا۔ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں پہلے ہی 24 گھنٹے کا کرفیو اور مکمل لاک ڈاؤن نافذ تھا۔ اب مکہ مکرمہ کے سوا باقی شہروں میں کرفیو میں نرمی کردی گئی ہے۔
(العربیہ ڈاٹ نیٹ)