انقرہ: (ملت ٹائمز) ترکی میں آج پوری شان و شوکت کے ساتھ قسطنطنیہ کی فتح کا 567 وادن منایاگیا ۔آج ہی کی تاریخ میں یعنی 29مئی 1453 عیسوی کو یہ شہر سلطنت عثمانیہ کے ساتویں حکمراں سلطان محمد الفاتح نے صرف 23 سال کی عمر میں فتح کرلیاتھا ۔ ترکی کے صدر رجب طیب اردگان اور دیگر اعلی حکام اور رہنما نے سلطان محمد فاتح کی قبر پر فاتحہ خوانی کی اور ان کے درجات کی بلندی کیلئے دعاءکا اہتمام ہوا۔
قسطنطینہ کی فتح عالمی تاریخ اور مسلم دنیا دونوں جگہ بے پناہ اہمیت کی حامل ہے ۔ عالمی تاریخ میں یہ فتح اس لئے یادگار اور قابل ذکر ہے کہ قسطنطینہ دنیا کا ناقابل تسخیر اور ہزاروں سال پرانا شہر تھا ۔ اس کے بارے میں پوری دنیا کا یہ گمان تھا کہ اس شہر کو کوئی بھی طاقت فتح نہیں کرسکتی ہے ۔ کوئی بھی اس پر حملہ کرنے میں کامیاب نہیں ہوپائے گا ۔ ایک ہزار سال سے عیسائیوں کی بازنطینی سطلنت کا یہ دارالحکومت بھی تھااور اس وقت کا سب سے بڑا تجارتی مرکز بھی یہی تھا۔ مسلمانوں کے نزدیک اس فتح کی اہمیت اس لئے ہے کہ حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم نے پیشن گوئی کی تھی کہ ہماری امت کا ایک نوجوان قسطنیطہ کو ایک دن فتح کرلے گا جوا سے فتح کرے گا اس کیلئے جنت کی خوشخبر ی ہے ۔ اس حدیث کی بنیادپر بعد دسیوں مسلمان حکمرانوں نے اس شہر کو فتح کرنے کی کوشش کی لیکن کامیابی سات سو سال بعد سلطان محمد الفاتح کو ملی اور صرف 23 سال کی عمر میں اس نوجوان نے یہ تاریخی شہر فتح کرکے پوری دنیا میں مسلمانوں کی طاقت اور قوت کا دبدبہ قائم کردیا ۔ اس فتح کے بعد ایشا اور افریقہ کے کے علاوہ یورپ کا مرکزی شہر بھی مسلمانوں کے قبضہ میں آگیا اوراس طرح عیسائیوں کے عروج کا خاتمہ ہوگیا۔ اسی بنیاد پر محمد الفاتح کا شمار عالم اسلام کی چند عظیم شخصیات میں ہوتاہے اور یورپ آج تک قسطنطیہ کی فتح کو فراموش نہیں کرسکا ہے ۔قسطنطیہ کا موجودہ نام استنبول ہے ۔ یہ ترکی کا مشہور اقتصادی اور خوبصورت شہر ہے ۔خلافت عثمانیہ کے زمانے میں یہی شہر دارالحکومت تھا ۔
ترکی میں ہر سال 29 مئی کو یوم فتح کے طور پرمنایا جاتاہے ۔ اس سال بھی پورے ترکی میں29مئی کو قسطنطیہ کی فتح کے 567 ویں دن کے طور پر جشن منایاگیا اور عوام نے مختلف انداز سے تقریبات کا انعقاد کیا ۔