ریاض : سعودی عرب نے کوئی تین ماہ کی پابندیوں کے بعد ملک گیر کرفیو اٹھا لیا ہے۔ اتوار کو سینما اور حجام کی دکانوں کو کاروبار دوبارہ کھولنے کی اجازت دے دی گئی۔ مکہ کی مساجد میں بھی اب با جماعت نماز کی اجازت ہے۔ تاہم سعودی عرب میں ابھی کورونا وائرس کے کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس کے باعث بین الاقوامی پروازوں اور پچاس سے زائد لوگوں کے اجتماعات پر ابھی پابندیاں برقرار رہیں گی۔ اس سال حج جولائی کے آخری ہفتے میں ہونا ہے تاہم کورونا وبا کے باعث سعودی حکومت ابھی یہ فیصلہ نہیں کر پائی کہ حج ہوگا یا نہیں، اور اگر ہوگا تو کتنے محدود پیمانے پر۔ ملائشیا اور انڈونیشیا سمیت کئی ممالک نے کہہ رکھا ہے کہ اس سال ان کے شہری حج پر نہیں جا سکيں گے۔