اگر ہم ادلب میں رہائشی اسکیم کو موسم گرما میں مکمل کر لیتے ہیں تو مہاجرین سردی کا موسم آسانی سے گزار سکیں گے: صدر رجب طیب ایردوان
صدر رجب طیب ایردوان نے شام کے علاقے ادلب میں متوقع رہائشی سکیموں میں تعاون کا وعدہ کیا ہے۔
ترکی کے محکمہ آفات و ہنگامی حالات AFAD کی طرف سے جاری ” سول سوسائٹیوں کے ادلب مشاورتی اجلاس” کے دوران وزیر داخلہ سلیمان سوئے لُو نے ٹیلی فون کے ذریعے صدر رجب طیب ایردوان کو اجلاس کے بارے میں بریفنگ دی۔
صدر ایردوان نے شام کے شمال مغرب میں مکانات کی تعمیر کے لئے سول سوسائٹیوں کی جدوجہد پر سوسائٹیوں کے نمائندگان کو مبارکباد دی اور اس نیکی کی قبولیت کی تمنا کا اظہار کیا۔
صدر ایردوان نے کہا ہے کہ ترک ملت ہمیشہ سے نہ صرف صرف شام میں بلکہ دنیا بھر میں غریب غرباء، فقیر فقراء اور مظلوموں کا ساتھ دیتی چلی آئی ہے۔ انشاء اللہ اب کے بعد بھی یہ ملت اسی طرح اپنی کوششوں کو جاری رکھے گی۔ اس وقت ہمارے ہمسایہ ملک کی پوری سرحد پر جو جدوجہد ہم کر رہے ہیں وہ نہایت اہمیت کی حامل ہے۔ ہم یہاں اپنی رہائشی اسکیموں کو موسم گرما کے اندر اندر مکمل کر لیتے ہیں تو سرحد پر بیٹھے مہاجرین سردی کے موسم کو ان مکانات میں آسانی سے گزار سکیں گے۔
وزیر داخلہ سوئے لُو کے ادلب میں 20 مکانات کی تعمیر کے وعدے کی یاد دہانی کرواتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا ہے کہ ” فی الحال یہاں ہمارا پہلا ہدف 50 مکانات کی تعمیر ہے۔ اللہ ہمیں اپنے شامی بھائیوں کو اس مصبیت سے نکالنے کا وسیلہ بنائے۔
وزیر داخلہ سلیمان سوئے لُو نے بھی کہا ہے کہ ادلب کے لئے امدادی مہم میں 13 جنوری سے لے کر اب تک 7 کروڑ 17 لاکھ 63 ہزار 102 ترک لیرا جمع ہو چکا ہے۔