صدر ایردوان نے اس حساس اور فراخدلانہ مدد سے ثابت کر دیا ہے کہ ترکی لبنانی عوام کا نہایت قیمتی اور گہرا دوست ہے: فواد سینیورا
لبنان کے سابق وزیر اعظم فواد سینیورا نے دارالحکومت بیروت میں 4 اگست کے دھماکے کے بعد فوری طبّی امداد بھیجنے پر ترکی اور ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
فواد سینیورا نے جاری کردہ تحریری بیان میں کہا ہے کہ”صدر ایردوان کی طرف سے شروع کی گئی اور نائب صدر فواد اوکتائے کے دورہ لبنان سے ملک میں پہنچنے والی فراخدلانہ، برادرانہ اور انسانی امداد پر ہم شکر گزار ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ ترکی کی طرف سے صحت، خوراک اور طبّی شعبے سے متعلقہ امدادی سامان ہمیں موصول ہوگیا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ ہمیں بیروت بندرگاہ کی تعمیرِ نو کی بھی پیشکش کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ بیروت بندرگاہ پر 4 اگست کو دھماکہ خیز مواد کے 12 نمبر ڈپو میں پہلے آگ لگی اور اس کے بعد ایسا شدید دھماکہ ہوا کہ جس نے پورے لبنان کو ہِلا کر رکھ دیا۔
دھماکے میں ہلاکتوں کی تعداد 158 اور زخمیوں کی تعداد 6 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔
بیروت کے گورنر مروان عبد نے کہا تھا کہ بیروت بندرگاہ پر دھماکے سے جو نقصان ہوا ہے اس کے مالیت 10 سے 15 بلین ڈالر سے زائد ہو سکتی ہے۔