نئی دہلی: پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے چیئرمین او ایم اے سلام نے متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے تعلقات میں آئی حالیہ ’نرمی‘ کی مذمت کی۔
فلسطینی عوام کے اجتماعی جذبات پر غور کئے بغیر اسرائیل کے تئیں کوئی بھی دوستانہ رخ غیراخلاقانہ اور اسرائیلی قبضے کے خلاف فلسطینی جدوجہد کے ساتھ دھوکہ کے مترادف ہے۔
اسرائیل ایک نسل پرست ریاست ہے جو بارہا بین الاقوامی قوانین کی توہین کی مرتکب ہوئی ہے۔ اس نے فلسطینیوں کے انسانی حقوق کا کبھی احترام نہیں کیا۔
ایک جانب اسرائیل نے فلسطینی عوام کو غزہ میں ظالمانہ طریقے سے قید کر رکھا ہے، اور دوسری جانب اس نے مغربی ساحل کے فلسطینی علاقے سے اصل باشندوں کو بے دخل کرکے علاقے کے بڑے حصے پر قبضہ جما لیا ہے، لہٰذا، مسلم و عرب ممالک اور اسی طرح دیگر ممالک کو جو حقوق انسانی کا احترام کرتے ہیں، ان کو چاہئے کہ وہ فلسطینی مقصد کے ساتھ غیرمشروط حمایت کا اظہار کریں، اور اسرائیل سے مطالبہ کریں کہ وہ فلسطینی عوام کے انسانی حقوق اور حق خودارادیت کا احترام کرے۔ اسرائیل کے ساتھ کوئی بھی رسمی تعلق قائم کرنے سے قبل، مسلم ممالک کو چاہئے کہ وہ یہودی ریاست سے مطالبہ کریں کہ وہ تمام غیرقانونی مقبوضہ علاقوں کو فلسطینیوں کو لوٹائے اور مقبوضہ علاقوں کو چھوڑ کر جانے والے لاکھوں فلسطینی پناہ گزینوں کو واپس آنے دے۔ دونوں ممالک کے درمیان حالیہ سمجھوتہ عام فلسطینیوں کی مظلومیت کا مذاق ہے۔
او ایم اے سلام نے کہا کہ اس نئی پیش رفت سے جس سے صرف اسرائیلی اور امریکی مفاد کی تسکین ہوتی ہے، پورے عالم کے امن و انصاف پسند عوام دھوکہ محسوس کر رہے ہیں۔ پاپولر فرنٹ متحدہ عرب امارات کی قیادت سے اپیل کرتی ہے کہ وہ اپنے فیصلے پر دوبارہ غور کریں۔