جموں وکشمیرکی سیاسی جماعتیں متحد،ریاست کی خودمختاری کے لیے لڑنے کاعزم

سری نگر22اگست(آئی این ایس انڈیا)
ہفتہ کوکشمیرمیں سیاسی جماعتوں نے متفقہ طور پر یہ طے کیاہے کہ وہ 5 اگست 2019 سے پہلے جموں وکشمیر میں خصوصی حیثیت کی بحالی کے لیے جدوجہد کریں گی۔ انہوں نے کہاہے کہ حکومت کی جانب سے یہ اقدام غیرسنجیدہ تھا۔ مختلف جماعتوں نے کہاہے کہ وہ اعلامیہ کی پابندہیں جس کا اعلان 4 اگست ، 2019 کو نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبد اللہ کی رہائش گاہ پر کل جماعتی اجلاس کے بعدکیاگیاتھا۔ 4 اگست ، 2019 کے اجلاس کے بعد قرارداد میں کہا گیا ہے کہ فریقین متفقہ طور پر اعلان کرتے ہیں کہ وہ جموں وکشمیرکی شناخت،خودمختاری اورخصوصی حیثیت کے تحفظ کے لیے متحدرہیں گے۔ ایک دن بعد 5 اگست کو ، مرکز نے جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت پرفیصلہ کیا اوراسے دو مرکزی علاقوں میں تقسیم کردیا۔جس کے بعدتقریباََسال بھرکشیدہ صورت حال رہی ہے۔