ارریہ: (پریس ریلیز) یوم جمہوریہ کی مناسبت سے الغزالی انٹرنیشنل اسکول (جی آئی ایس)، ارریہ بہار میں ایک رنگا رنگ تقریب کا انعقاد عمل میں آیا۔ اسکول کے بچے اور بچیوں نے مختلف پروگراموں کے ذریعے سامعین کا دل جیتا اور پُر جوش حاضرین نے بچوں کی خوب حوصلہ افزائی و پذیرائی کی۔ بچوں نےانفرادی طور پر اور گروپ کی شکل میں حب الوطنی سے معمور انتہائی خوبصورت نغمات اور نظم پیش کئےاور یومِ جمہوریہ تاریخ کے آئینے میں، دستور ہند کی بالا دستی ، ملک کو کس کی نظر لگی اور دیگر حالات حاضرہ سے ہم آہنگ عناوین پر اردو، ہندی اور انگلش میں ولولہ انگیز تقاریرپیش کرکے بیدار ہندوستان کا واضح ثبوت پیش کیا۔
اس موقع پر مرکزالمعارف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ سینٹر، ممبئی کا شارٹ ٹرم انگلش لرننگ کورس مکمل کرنے والے مختلف اسکول، کالج اور مدارس کے طلباء کو سرٹیفیکٹ سے بھی نوازا گیا۔ واضح رہے اس کورس کا ایک سینٹر ارریہ کے الغزالی انٹر نیشنل اسکول میں ہے۔
پروگرام کی صدارت معروف صاحب دیوان شاعر و خطاط جناب طارق ابن ثاقب نے فرمائی۔ آپ نے عالمی سطح پر انگریزی زبان کی اہمیت کو اجاگر کیا اور اس تناظر میں اس کی خصوصی تعلیم پر خوشی کا اظہار فرمایا۔پروگرام کے مہمان اعزازی مفتی انعام الباری قاسمی نے علم کی اکائی کو خوبصورت انداز میں ثابت کیا اور علاقے میں اس پر محنت پر قلبی مسرت کا اظہار کیا۔اس موقع سے نوجوان عالم دین مفتی حسان جامی قاسمی نے وقت کے تقاضے کے مطابق تعلیمی نظام پر بات کی اور پیش آمدہ چلینجز سے نبرد آزما ہونے کے گر بتلائے۔اسکول کے چیئر مین شاہ جہاں ندوی نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ اس ملک کی آزادی میں سبھی کا خون شامل ہے ،اس لئے اس ملک کے آئین نے سب کو برابر کا حق دیا ہے، اس لئےہمیں تعلیم و محنت کے ذریعہ ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرنا ہے ۔ پروگرام کے مہمانِ خصوصی جناب مولانا آفتاب عالم مظاہری نےفرمایا کہ طلباء نے ملک کی تاریخ کو خوبصورت انداز میں پیش کیا ہے،ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنے بچوں کو اسی طرح صحیح تاریخ پڑھائیں۔ الغزالی انٹرنیشنل اسکول کے ذمہ دارن اِس نظام تعلیم کے لئے یقینا مبارکباد کے مستحق ہیں۔اسکول کے بانی ڈائریکٹر مولانا مدثر احمد قاسمی نے اپنے پیغام میں کہا آج کے یہ بچے کل کے لیڈر ہیں ،اُن کی صحیح تعلیم و تربیت ملک کے دستور کی بقاء اورتحفظ کے لئے ضرورہے اور اِن بچوں کی معیاری تعلیم ہی ہمارے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔