نفرت پھیلانے والوں کے خلاف کانگریس بنا رہی ’سوشل میڈیا واریر‘ ٹیم








راہل گاندھی کا کہنا ہے کہ ’’یہ ٹیم انصاف کے لیے لڑنے والے جنگجوؤں کی ہے۔ یہ نفرت کی فوج نہیں، یہ تشدد کی فوج نہیں، یہ سچائی کی فوج ہے۔ یہ ایک فوج ہے جو ہندوستان کے نظریات کی دفاع کرے گی۔‘‘

نئی دہلی: (تنویر) کانگریس پارٹی نے سوشل میڈیا پر نفرت پھیلانے والی ’ٹرول آرمی‘ کے خلاف ’سوشل میڈیا واریر‘ ٹیم بنانے کا اعلان کیا ہے اور ایک ٹول فری نمبر بھی جاری کر دیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سے جڑ سکیں۔ اس ٹیم سے وہاٹس ایپ، ویب سائٹ، ای میل کے ذریعہ بھی لوگ جڑ سکتے ہیں۔ اس کے تحت ہر شہر سے 5 لاکھ لوگوں کو جوڑنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ راہل گاندھی نے ایک ویڈیو ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’یہ ٹیم انصاف کے لیے لڑنے والے جنگجوؤں کی ہے۔ یہ نفرت کی فوج نہیں ہے۔ یہ تشدد کی فوج نہیں ہے۔ یہ سچائی کی فوج ہے۔ یہ ایک فوج ہے جو ہندوستان کے نظریات کی دفاع کرے گی۔‘‘ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے لوگوں سے سوشل میڈیا واریر ٹیم جوائن کرنے کی اپیل کی ہے۔

اس سلسلے میں 8 فروری کو کانگریس کے سینئر لیڈر پون کمار بنسل، پارٹی ترجمان پون کھیڑا اور پارٹی کے سوشل میڈیا انچارج کے سربراہ روہن گپتا نے ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے اس مہم کی شروعات کی۔ اس موقع پر پون بنسل نے کہا کہ ’’ہر شہر سے 5 لاکھ سوشل میڈیا واریر بنانے کا ہدف ہے۔ ان کے ذریعہ سے ملک کے سامنے کھڑے ایشوز کو اٹھایا جائے گا۔ ساتھ ہی ان جنگجوؤں کے ذریعہ سے نظریات اور اصولوں کی بات ہوگی۔‘‘
میڈیا سے مخاطب ہوتے ہوئے روہن گپتا نے کہا کہ ’’جمہوری اداروں کو دبایا جا رہا ہے اور حکومت کے خلاف آواز اٹھانے والوں کو کچلنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ کانگریس کی ذمہ داری ہے کہ ہم اس کا جواب دیں اور ملک کو بچائیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’ہم خاموش نہیں بیٹھ سکتے۔ یہ ہماری اخلاقی ذمہ داری ہے کہ ہم ملک کی آواز بلند کریں۔ اسی لیے ہم یہ مہم شروع کر رہے ہیں۔ ہم ہر نوجوان کو اسٹیج دینا چاہتے ہیں۔ ہم اس مہم کو ایک مہینے تک چلائیں گے تاکہ ملک بھر سے لوگ اس کے ساتھ جڑیں۔‘‘

Comments

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *