سڈنی،31؍جنوری)
ملت ٹائمز؍ایجنسی
کپتان مہندر سنگھ دھونی کے جانبازوں روہت شرما (52)، وراٹ کوہلی (50) اور سریش رینا (ناٹ آؤٹ 49) کی جانباز بلے بازی سے ہندوستان نے آسٹریلیا کے کپتان شین واٹسن (ناٹ آؤٹ 124) کی ریکارڈ سنچری پر پانی پھیرتے ہوئے تیسرے اور آخری ٹوئنٹی 20 بین الاقوامی میچ میں اتوار کو سات وکٹ سے جیت حاصل کرکے کنگارؤں کی زمین پر 3۔0 کی تاریخی کلین سویپ کر لی۔ ہندستان کے سامنے آسٹریلیا کے پانچ وکٹ پر 197 رن کا بڑا اسکور تھا لیکن ٹیم انڈیا کے جانبازوں نے 20 اوور میں تین وکٹ پر 200 رنز بنا کرپورے ملک کو جشن منانے کا موقع دے دیا اور اپنا آسٹریلیا دورہ جیت کے ساتھ ختم کیا۔ ہندستان کی یقینی طور پر یہ ایک تاریخی جیت ہے اور آسٹریلیا کی سرزمین پر پہلی کلین سویپ ہے۔واٹسن کی ریکارڈ سنچری سے آسٹریلیا نے جب 197 رنز بنائے، تب لگ رہا تھا کہ ہندوستان کے لئے اس اسکور کا پیچھا کرنا مشکل ہوگا لیکن روہت اور شکھر دھون نے ہندستان کو بہترین آغاز دیا اور اس کے بعد تمام بلے بازوں نے اپنا تعاون دیتے ہوئے ٹیم انڈیا کو فتح کی منزل پر پہنچایا۔
شکھر نے صرف نو گیندوں میں چار چوکے اور ایک چھکا اڑاتے ہوئے 26 رن بنائے جبکہ روہت نے 38 گیندوں پر 52 رن پر پانچ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔سپر فارم میں چل رہے وراٹ کوہلی نے 36 گیندوں پر 50 رنز میں دو چوکے اور ایک چھکا لگایا اور اس سیریز میں نصف سنچری بنانے کی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ ٹوئنٹی 20 فارمیٹ کے ماہر رینا نے آنے کے ساتھ ہی تابڑ توڑ بلے بازی کی اور 25 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 49 رنز میں چھ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔رینا نے ہندستان کے لئے آخری گیند پر جیت کا چوکا مارا جب ہندستان کو اس گیند پر فتح کے لئے دو رنز چاہیے تھے۔یوراج سنگھ کو سیریز میں پہلی بار بلے بازی کرنے کا موقع ملا اور انہوں نے اپنی ‘سکسر کنگ’ کی تصویر بامعنی کرتے ہوئے 12 گیندوں پر ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے ناٹ آوٹ 15 رن بنائے۔ رینا اور یوراج نے چوتھے وکٹ کے لئے صرف 5.1 اوور میں 53 رن کی ناٹ آؤٹ ساجھیداری کی۔ہندستان کو آخری اوور میں جیت کے لئے 17 رن کی ضرورت تھی۔اینڈریو یہ اوور ڈال رہے تھے اور یوراج ان کے سامنے تھے۔ہندستانی شائقین کی سانسیں تھمی ہوئی تھیں کہ کیا ایک اوور میں چھ چھکے مارنے کا ریکارڈ اپنے نام رکھنے والے یوراج کوئی کرشمہ دکھا پائیں گے۔ پہلی گیند یوراج کے پاؤں کے پاس پڑی اور انہوں نے فائن لیگ کی طرف بہترین چوکا لگا دیا۔ اگلی گیند پر مڈ وکٹ کے اوپر سے چھکا پڑا۔تیسری گیند پر ایک رن جبکہ چوتھی اور پانچویں گیند پر رینا نے دو دو رن لئے۔اب آخری گیند پر جیت کے لئے دو رنز چاہیے تھے۔رینا نے پوائنٹ کے اوپر سے زبردست چوکا لگایا اور سب جیت کی خوشی میں اچھل پڑے۔
یوراج نے رینا کو اپنے کندھوں پر اٹھا لیا اور اس طرح راحت کی سانس لی۔ان کے کندھوں سے ایک بڑا بوجھ اتر گیا۔وہ گزشتہ اوور میں بڑے شاٹ کھیلنے سے چوک گئے تھے لیکن ان کے آخری اوور کی پہلی دو گیندوں پر دو زبردست شاٹ اور آخری گیند پر رینا کے چوکے نے پورے ہندستانی خیمے کو جشن سے شرابور کر دیا۔ہندستان اس تاریخی کلین سویپ کے ساتھ ٹوئنٹی 20 میں بھی نمبر ایک بن گیا۔ شکھر اور روہت نے ہندستان کو شاندار آغاز دیتے ہوئے 3.2 اوور میں ہی 46 رنز بنا ڈالے۔ اس کے بعد روہت نے وراٹ کے ساتھ 9.1 اوور میں دوسرے وکٹ کے لئے 78 رن جوڑے۔روہت کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان دھونی نے رینا کو میدان پر بھیجا اور ان کا یہ فیصلہ لاٹری ثابت ہوا۔رینا نے وراٹ کے ساتھ 2.2 اوور میں تیسرے وکٹ کے لئے 23 رن جوڑے۔ وراٹ بدقسمت طریقے سے بولڈ ہو گئے۔گیند ان کے بلے کے نچلے حصے سے لگ کر لڑھکتے ہوئے اسٹمپ میں جا گھسی۔ہندستان کا تیسرا وکٹ 147 کے اسکور پر گرا۔اس وقت 14.5 اوور ہوئے تھے لیکن رینا نے دباؤ میں آئے بغیر شاٹ کھیلنے جاری رکھے اور ہندستان کو یوراج کے ساتھ جیت کی منزل پر پہنچا کرہی دم لیا۔آخری اوور پھینکنے والے تئی نے چار اوور میں کل 51 رن لٹایے۔کیمرون بوئس نے 28 رن پر دو وکٹ اور واٹسن نے 30 رن پر ایک وکٹ لیا۔
سیریز میں تین نصف سنچری بنانے والے وراٹ کوہلی کو مین آف دی سیریز کا ایوارڈ ملا جبکہ میچ میں شاندار ناٹ آؤٹ 124 رنز بنانے والے واٹسن کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ اس سے قبل کپتان شین واٹسن (ناٹ آوٹ 124) کی ریکارڈ سنچری سے آسٹریلیا نے ہندوستان کے خلاف تیسرے اور آخری ٹوئنٹی 20 بین الاقوامی مقابلے میں اتوار کو پانچ وکٹ پر 197 رن کا ہمالیائی اسکور بنا یا تھا ۔