رانی گنج – ارریہ: ابو الحسن علی ایجوکیشنل اینڈ ویلفیر ٹرسٹ تعلیمی شعبوں میں خدمات انجام دینے کے ساتھ رفاہی کاموں میں بھی حسب استطاعت ہمیشہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیتا رہا ہے۔ٹرسٹ نے بہار خصوصاََ ضلع پورنیہ اور ارریہ میں سرکاری مراعات سے محروم علاقوں میں بلا تفریق مذہب و ملت اپنی خدمات انجام دیتا رہا ہے۔
ابو الحسن علی ایجوکیشنل اینڈ ویلفیر ٹرسٹ نے اپنے فلاحی منصوبہ کے تحت گذشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی آج بتاریخ 22-04-2021تک کل685 روزہ دارضرورتمندوں کو راشن کٹ کی تقسیم سے فائدہ پہونچایا۔جس میں چاول چوڑا 5کلو،چنا3کلو،سرسوں تیل 2لیٹر،ہلدی پاؤڈر 200گرام،مرچ پاؤڈر200گرام،دھنیا پاؤڈر200گرام،گرم مصالحہ پاؤڈر 100گرام۔
اس موقع پر ٹرسٹ کے صدر جناب مولانا کبیر الدین فاران نے کہا کہ حاجت مندوں کی حاجت روائی کرنا یہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا طریقہ ہے۔مولانا فاران نے کہا: اس وقت بہار ہندوستان کے نقشہ پر ایسا علاقہ ہے جو اپنی پسماندگی اور سرکاری مراعات سے محروم مانا جاتا ہے۔اس اطراف میں مرکزی اور صوبائی سرکار کی طرف سے تمام مراعات سے عوام محروم ہے، اس لئے یہ لوگ دہلی،پنجاب اور ہریانہ کے لئے روزی روٹی کی تلاش میں ہجرت کرتے ہیں۔
ٹرسٹ کے جنرل سکریٹری اور فعال نوجوان مولانا ارشد کبیر خاقان نے کہا: ہمارا منصوبہ ہے کہ ہمارے علاقہ سے بے روزگاری ختم ہو اور نوجوان اپنی معاشی حالات بہتر بنائیں۔اس کے لئے ٹرسٹ ہر طرح سے تعاون کرنے کے لئے تیار ہے۔
جنرل سکریٹری نے کہا: کہ ہم نے اب تک ٹرسٹ کے ذریعہ سیلاب زدہ علاقوں میں درجنوں ضرورتمندوں کو مکانات بنانے میں مدد، ایک ہزار سے زائد پانی کے لئے ہینڈ پمپ، ضرورتمند بچیوں کی شادی میں مدد، ہزاروں ضرورتمند مرد اور عورتوں کے درمیان کپڑوں اور راشن کٹ کی تقسیم کے علاوہ دوسری ضروریات کی الحمد للہ تکمیل کرائی ہے۔
اس پروگرام کو کامیاب بنانے اور راشن کٹ کی تقسیم میں جناب مولانا عبد الوہاب صاحب ناظم مدرسہ رشیدیہ حسینیہ ڈمیا صفی پور ضلع ارریہ،مفتی غفران حیدر صاحب،مولانا اسعد کبیر قاآن صاحب،مولانا عبد الرزاق صاحب، مولانا دبیر الاسلام صاحب،مولانا امجدفرحان صاحب، مولانا عبد المتین صاحب اور عزیزم سلمان ارشد نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔