شام میں ترک فوج کے 2اہلکاروں کو زندہ جلائے جانے کی داعش نے جاری کی ویڈیو
الرقہ(ملت ٹائمز؍ایجنسیاں)
پوری دنیا میں اسلام کے نام پر دہشت اور خوف کی فضا قائم کرنے والی عالمی دہشت گرد تنظیم داعش نے روس ،شام اور ایران کے ہاتھوں مسلمانوں پر ظلم و ستم اور بربریت کی نئی روایات قائم کرنے والے خانہ جنگی کے شکار ملک شام میں ترکی کے دو فوجیوں کو زندہ جلائے جانے کی ویڈیو جاری کر دی ہے ۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق دہشت گرد تنظیم داعش نے شام میں ترکی کے 2 زیر حراست فوجیو ں کو زندہ جلانے کی ویڈیو جاری کر دی ۔ویڈیو میں صاف دیکھا جارہا ہے کہ داعش کا دہشت گرد بازوؤں پر اسلحہ لٹکائے ہاتھ میں پکڑے ریموٹ کنٹرول سے زنجیروں میں جکڑے دو فوجیوں کو آگ لگا تا ہے ۔داعش کے دعویٰ کے مطابق یہ ویڈیو شام میں جاری جنگ کے دوران کی ہے اور زندہ جلائے جانے والے دونوں ترک فوجیوں کو گذشتہ ماہ گرفتار کیا گیا تھا ،داعش کا کہنا ہے کہ اس نے ترکی کے سیکیورٹی دستوں کے ہاتھوں مسلمانوں کے ہونے والے قتل عام کا بدلہ لینے کے لئے دونوں گرفتار فوجیوں کو زندہ جلایا ہے تاہم ابھی تک اس ویڈیو کے مصدقہ ہونے کی تصدیق نہیں ہوئی اور نہ ہی ترکی نے اس ویڈیو کے بارے میں کوئی تبصرہ کیا ہے ۔
یاد رہے کہ ترک سیکیورٹی دستوں نے گذشتہ ماہ شمالی شام میں اپنے 2فوجیوں سے رابطہ منقطع ہو نے کی اطلاع دی تھی ،تاہم ابھی تک ترکی نے اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ ویڈیومیں زندہ جلائے جانے والے فوجی گذشتہ ماہ لاپتا ہونے والے اہلکار ہی ہیں یا نہیں۔ واضح رہے کہ اس ہفتے کے آغاز میں شمالی شام کے شہر الباب میں ترکی کے 16 فوجی مارے گئے تھے۔اس علاقے میں رواں سال اگست سے داعشکے خلاف مہم چلا رہی ترکی فوج کے لئے یہ اب تک کا سب سے بڑا نقصان بتایا جا رہا ہے۔