عمرہ سیزن کے آغاز سے قبل مسجد حرام میں سینی ٹائزیشن اور صفائی دن رات جاری

مسجد حرام کی انتظامیہ عمرہ سیزن کے حوالہ سے تیاریاں کرنے میں مصروف ہے، کورونا سے بچاؤ کے لیے مسجد حرام اور اس کے صحنوں میں سینی ٹائزیشن، تطہیر اور خوشبو سے معطر کرنے کا عمل 24 گھنٹے جاری ہے
مکہ مکرمہ: مسجد حرام کی انتظامیہ عمرہ سیزن کے حوالہ سے زور و شور سے تیاریاں کرنے میں مصروف ہے۔ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے مسجد حرام اور اس کے صحنوں میں سینی ٹائزیشن، تطہیر اور خوشبو سے معطر کرنے کا عمل 24 گھنٹے جاری ہے۔
تقریباً 4 ہزار سے زیادہ مرد اور خواتین کارکنان دن میں 10 مرتبہ مختلف نوعیت کے سینی ٹائزرز اور خوشوبو دار مواد کے ذریعے مسجد حرام، اس کے صحن اور ملحقہ علاقوں کی صفائی انجام دے رہے ہیں۔ اس کام میں روزانہ 60 ہزار لیٹر کے قریب ماحول دوست مواد اور 1200 لیٹر خوشبو کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ علاوہ ازیں اس عمل میں 470 کے قریب مشینیں اور آلات استعمال ہو رہے ہیں۔
حرم شریف کی انتظامیہ نے بیت اللہ آنے والوں کے تحفظ کے لیے حفاظتی تدابیر اور احتیاطی اقدامات کو بھی بڑھا دیا ہے۔ ان اقدامات پر عمل درامد کو یقینی بنانے کے واسطے زمینی ٹیمیں چوبیس گھنٹے مصروف عمل ہیں۔ نماز سے پہلے اور اس کے بعد تمام اہم مقامات اور وضو خانوں کی سینی ٹائزیشن کی جا رہی ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے سینی ٹائزیشن کے عمل کو کامیابی سے جاری رکھنے کے لیے 550 سے زیادہ مشینیں اور آلات کو کام میں لایا جا رہا ہے۔
ان کے علاوہ مسجد حرام کے تمام گوشوں میں سینسر سے کام کرنے والی 500 ڈشیں رکھی گئی ہیں۔ ان کے ذریعے روزانہ 20 ہزار لیٹر سے زیادہ ماحول دوست سینی ٹائزر مواد بیت اللہ کی خدمت کے واسطے استعمال ہو رہا ہے۔ اسی طرح 11 روبوٹ بھی فراہم کیے گئے ہیں۔ یہ روبوٹس مصنوعی ذہانت کی خصوصیت کے ساتھ کام کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ سعودی مملکت یکم محرم بمطابق 10 اگست 2021 سے غیر ملکی شہریوں کے لئے عمرہ سیزن کا آغاز کرنے جا رہی ہے۔ اس دوران کورونا کے تمام اصولوں کی پاسداری کو یقینی بنایا جائے گا اور حج بیت اللہ کی طرح عمرہ کے لئے بھی وہی لوگ آ سکتے ہیں جو کورونا کا ٹیکہ لگوا چکے ہیں۔